مریم اورنگزیب

جتنے مرضی لوگوں کوجیلوں میں ڈالیں، اے پی سی کا ہر فیصلہ ہر پاکستانی کے دل کی آواز ہے’مریم اورنگزیب

لاہور (ر پورٹنگ آن لائن) مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ جتنے مرضی لوگوں کوجیلوں میں ڈالیں، اے پی سی کا ہر فیصلہ ہر پاکستانی کے دل کی آواز ہے، اگر اے پی سی غیر اہم تھی تو حکومتی ترجمان کیوں حواس باختہ ہیں اب ان کے گھر جانے کا وقت آگیا ہے ، آرمی کی جانب سے بیان اس سلیکٹڈ حکومت کے خلاف ہے کیونکہ یہ تاثر ان نالائقوں نے دیا ہے ،تمام اداروں کو اپنی اپنی حدود میں رہ کر کام کرنا چاہیے ۔

ان خیالات کااظہارمریم اورنگزیب نے لاہور میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کیا ۔مریم اورنگزیب نے کہاکہ نیب نے 2 سال سے تماشہ رچایا ہوا ہے ،نیب سلیکٹڈ وزیراعظم اور ٹولہ سیاسی مخالفین کے انتقام کے لئے استعمال ہو رہا ہے ،عمران خان کی 2 سال سے انتقام کی آگ ٹھنڈی نہیں ہو رہی ،نواز شریف، شہباز شریف اور مسلم لیگ (ن )کے علاوہ نیب کو کوئی اور کیس یا چہرہ نظر نہیں آتا۔انہوںنے کہاکہ 6 سال سے عمران خان 23 فارن فنڈنگ کیس میں مفرور ہیں اور جواب نہیں دے رہے،ادویات، آٹا و چینی بحران والا ٹولہ ملک پر مسلط ہے ۔

ملک کو سی پیک دینے، ایٹمی طاقت بنانے، لوڈشیڈنگ ختم کرنے والے آج عدالتوں میں پیشیاں بھگت رہے ہیں ۔بی آر ٹی کے 126 ارب کے کھڈوں کا کوئی نام نہیں لے رہا۔شہباز شریف پر الزام لگانے والے کا نام بے نامی، پڑھا لکھا سچا پاکستانی ہے۔انہوںنے کہاکہ شہباز شریف کیخلاف نیب بینامی شخص کی درخواست قبول کرتا ہے ،میری نیب چیئرمین سے درخواست ہے کہ اصل درخواست گزار کو سامنے لائیں ۔

سلیکٹڈ وزیراعظم کے حکم پر شہباز شریف کیخلاف درخواست دی گئی یہ کیس نیب نے اپنی کسٹڈی میں شروع کیا ،شہزاد اکبر اور ڈی جی نیب لاہور اس کیس کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ جتنے مرضی لوگوں کوجیلوں میں ڈالیں، اے پی سی کا ہر فیصلہ ہر پاکستانی کے دل کی آواز ہے، اگر اے پی سی غیر اہم تھی تو حکومتی ترجمان کیوں حواس باختہ ہیں اب ان کے گھر جانے کا وقت آگیا ہے۔انہوںنے کہاکہ ملک کو ترقی دینے والوں کو ایسے خوار کیا جاتا ہے لیکن اب اس نظام کو بدلا جانا چاہیئے۔

سیاسی انتقام، میڈیا سنسرشپ کو ختم ہونا چاہئے ۔آرمی کی جانب سے بیان اس سلیکٹڈ حکومت کے خلاف ہے کیونکہ یہ تاثر ان نالائقوں نے دیا ہے ،تمام اداروں کو اپنی اپنی حدود میں رہ کر کام کرنا چاہیے ۔انہوںنے کہاکہ چیئرمین نیب کی حالت ایس ایچ او کی سی ہو گئی ہے کہ کسی کے حکم پر گرفتار کر لیا جاتا ہے ۔سی سی پی او کو پیغام ہے کہ اپنے اندر دم پیدا کرو اور بتاو کہ انہیں لاہور میں لگایا کیوں گیا ۔نواز شریف صحتیاب ہو کر ڈاکٹروں کی اجازت سے پی واپس آئیں گے ،ڈاکٹر یاسمین راشد روزانہ اس حکومت کے منہ پر طمانچے مارتی ہیں کہ نواز شریف کی رپورٹس درست تھیں۔