جمشید چیمہ

جتنی مرضی رکاوٹیں ڈالیں انتخابات میں سیاسی مخالفین کی ضمانتیں ضبط ہونا نوشتہ دیوار ہے’ جمشید چیمہ

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فوکل پرسن فوڈ سکیورٹی و خصوصی اقدامات جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ اطلاعات ہیں کہ پی ڈی ایم ٹولہ بیرون ملک فرار کی کوششوں میں ہے لیکن عوام ان کی اس طرح کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنائیں گے، الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی شیڈول کا اعلان ہونے کے باوجود انتخابی مہم میں رکاوٹیں ڈالنا فسطائیت اور غنڈہ گردی ہے ۔زمان پارک میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکمران جبر اور تشدد سے اپنا خوف قائم کرنا چاہتے ہیں لیکن انہیں ہر بار ناکامی کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔

ہزاروں کی تعداد میں کارکنان ہی نہیں بلکہ عوام بھی شہید کارکن علی بلال کی روح کے ایصال ثواب کیلئے دعائیہ تقریب میں شرکت کے لئے زمان پارک پہنچے جو ثابت کرتا ہے کہ عوام خوف کے بت کو پاش پاش کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جابر حکمران انتظامیہ اور پولیس کے بل بوتے پر جتنی مرضی رکاوٹیں ڈالیں جتنے مرضی مظالم ڈھا لیں انتخابات میں ہمارے سیاسی مخالفین کی ضمانتیں ضبط ہونا نوشتہ دیوار ہے ۔