کراچی (رپورٹنگ آن لائن)عالمی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار علی ظفر نے بالی وڈ کے کنگ شاہ رخ خان کے ساتھ گزرے سنہرے دنوں کی یادیں تازہ کرلیں۔
بیشمار لازوال اور مقبول ترین گانے گانے والے علی ظفر نے بالی ووڈ میں اپنے کیریئر کا آغاز 2010 میں فلم”تیرے بن لادن”سے کیا، جس میں ان کی اداکاری اور منفرد مزاحیہ انداز کو خوب سراہا گیا، یہ فلم باکس آفس پر کامیاب رہی اور علی ظفر کو ایک باصلاحیت اداکار کے طور پر متعارف کرایا۔اس کے بعد انہوں نے ”میرے برادر کی دلہن”،”لندن، پیرس، نیو یارک”، ”چشم بدور”اور”کل دل”جیسی فلموں میں کام کیا۔
ان فلموں میں علی نے نہ صرف اداکاری کے جوہر دکھائے بلکہ اپنی گلوکاری سے بھی ناظرین کو متاثر کیا، جس سے ان کی ہمہ جہت فنکارانہ صلاحیتیں سامنے آئیں۔ ان کی نرم مسکراہٹ، رومانوی انداز اور شائستہ شخصیت نے بھارتی ناظرین میں انہیں مقبول بنایا۔اگرچہ بعد میں کچھ سیاسی اور سفارتی وجوہات کی بنا پر پاکستانی فنکاروں پر بھارت میں پابندیاں لگ گئیں، لیکن علی ظفر کی بالی ووڈ میں موجودگی نے ایک وقت میں دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی تعلقات کو مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔