لاہور( رپورٹنگ آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں 3 ججز کی تعیناتی بذریعہ تبادلہ بدنیتی کی اعلی ترین مثال ہے،جلسے کرنا سیاسی جماعتوں کا جمہوری حق ہے لیکن جلسے کا اعلان ہوتے ہی وزیر داخلہ کی جانب سے ایک بار پھر عوام کو دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔
ایکس پر جاری اپنے بیان میں مسرت جمشید نے کہا کہ پہلے بھی 26 نومبر کو نہتے شہریوں پر گولیاں برسائی گئیں اب بھی دھمکیاں لگائی جا رہی ہیں،یہ ہتھکنڈے عوام کو اپنا حق مانگنے سے نہیں روک سکتے،عوام اپنے جمہوری حق کے لئے نکلیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکمرانوں کو سمجھنا ہوگا کہ حاکم و محکوم کی جنگ میں بالآخر جیت عوام کی ہوتی ہے،طاقت کے زیر پر کسی کو تاعمر زیر نہیں کیا جا سکتا،آج نہیں تو کل ظلم کی یہ شب ختم ہوگی اور حق کا سورج طلوع ہوگا،تب تک ہم اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے اور جب جب خان پکارے گا ہم سب لبیک کہیں گے۔
انہوںنے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں 3 ججز کی تعیناتی بذریعہ تبادلہ بدنیتی کی اعلی ترین مثال ہے،سپریم کورٹ فتح کرنے کے بعد اب ہائیکورٹس فتح کرنے کا عمل شروع ہوچکا ہے،اسلام آباد ہائیکورٹ بار نے عدالتی کارروائی کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ،تمام بارز کو قانون کے تحفظ کے لیے اب آگے آنا ہوگا۔