ہمایوں سعید

جب بھی کامیابی حاصل کرتا ہوں تو خود کو اللہ کے بہت قریب محسوس کرتا ہوں،ہمایوں سعید

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)سینئر اداکار ہمایوں سعید نے انکشاف کیا کہ انہوں نے زندگی میں سخت مشکل وقت دیکھا، جب ان کا بھائی ایک حادثے کے بعد چلنے پھرنے سے معذور ہوگیا تھا اور اس کے مفت علاج کے لیے انہوں نے مختلف ہسپتالوں کے چکر لگائے۔

ہمایوں سعید نے حال ہی میں فوشیا میگزین کو انٹرویو دیا، جہاں انہوں نے اپنی زندگی، کیریئر اور جدوجہد کے تجربات پر کھل کر بات کی۔ان کا کہنا تھا کہ جب بھی وہ کامیابی حاصل کرتے ہیں تو خود کو اللہ کے بہت قریب محسوس کرتے ہیں، ایک وقت ایسا بھی تھا جب وہ صرف سترہ یا اٹھارہ سال کے تھے، اچانک ان کے والد کا کاروبار ختم ہو گیا اور ان کا بھائی، جو ان سے صرف دو سال چھوٹا تھا، اونچائی سے گر کر ریڑھ کی ہڈی کے شدید نقصان کا شکار ہو گیا۔ہمایوں سعید کے مطابق اس کے بعد انہوں نے محنت شروع کی اور ہر ممکن کام کیا، وہ ٹیوشن پڑھاتے اور ایک فیکٹری میں بھی کام کرتے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ زندگی میں ایسا وقت بھی دیکھا جب وہ اپنے بھائی کو مختلف ہسپتال لے جاتے تاکہ بھائی کا مفت علاج حاصل ہو سکے اور ہسپتال کے لوگوں سے دوستی بھی کرتے تاکہ بھائی کا علاج جاری رہے۔ان کا کہنا تھا کہ بھائی چلنے پھرنے سے آج بھی معذور ہے اور اس کا علاج ابھی بھی جاری ہے۔ہمایوں سعید کے مطابق آج جو بھی مقام ان کے پاس ہے، وہ اس پر اللہ کے شکر گزار ہیں، ہر کامیابی میں وہ اپنی مشکلات سے زیادہ اللہ کو یاد کرتے ہیں اور آج بھی ہر کامیابی پر اپنے گھر میں قرآن خوانی کا اہتمام کرتے ہیں، شکر ادا کرتے ہیں کہ اللہ نے انہیں اتنی نعمتیں عطا کی ہیں۔

اداکار نے یہ بھی بتایا کہ وہ آج بھی عاجز ہیں کیونکہ انہیں معلوم ہے کہ وہ کچھ بھی نہیں تھے اور اللہ ہی نے انہیں وہاں پہنچایا جہاں وہ آج ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ آج بھی وہی ہمایوں سعید ہیں جو 35 سال پہلے تھے، وہ آج بھی ویسے ہی کھڑے ہیں اور جوانی کا وہ حصہ ہمیشہ ان کے ساتھ رہے گا۔