بیجنگ (رپورٹنگ آن لائن) چینی وزارت خارجہ کی یومیہ پریس کانفرنس میں ایک مرتبہ پھر آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل گروسی کے اعتراف سے متعلق پوچھا گیا کہ جاپان کے فوکوشیما کے آلودہ پانی کو ٹھکانے لگانے کے جائزے اور تشخیص میں شامل بین الاقوامی ماہرین کے درمیان اس جامع تشخیصی رپورٹ پر اختلافات پائے جاتے ہیں ۔
جمعہ کے روز چینی میڈ یا کے مطا بق اس حوالے سے ترجمان وانگ وین بین نے کہا کہ یہ حالات ایک بار پھر ظاہر کرتے ہیں کہ ایجنسی کی جلد بازی میں تیار کردہ رپورٹ تشخیص کے عمل میں شامل تمام ماہرین کی رائے کی مکمل عکاسی نہیں کرتی اور متعلقہ نتائج محدود اور یکطرفہ ہیں اور فوکوشیما سے آلودہ پانی چھوڑنے کے جاپان کے منصوبے کے بارے میں بین الاقوامی برادری کے خدشات کو دور نہیں کرتے ہیں۔
چین نے جاپان پر زور دیا ہے کہ وہ ایجنسی کی رپورٹ کو سمندر میں آلودہ پانی کی نکاسی کے لیے”پاس” کے طور پر استعمال کرنے کی کوشش نہ کرے، اس منصوبے کو آگے بڑھانا بند کرے اور آلودہ پانی کو ذمہ دارانہ طریقے سے ٹھکا نے لگائے۔