اسلام آ باد (ر پورٹنگ آن لائن) اسلام آباد ہائی کورٹ نے چڑیا گھرسے متعلق عدالتی فیصلے پرعمل درآمد کیس کا تحریری حکمنامہ جاری کردیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ جانوروں کو تکلیف دینا خلاف قانون ہے،کاون ہاتھی کیساتھ ریچھوں کی بھی بیرون ملک منتقلی کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے تحریری فیصلے میں قرار دیا ہے کہ پاکستان میں ہمالین بران بیئرزکومنتقل کرنے کیلئے کوئی محفوظ پناہ گاہ موجود نہیں،حکومت پنجاب بھی ریچھوں کی ذمہ داری لینے کو تیار نہیں،جانوروں کو نظرانداز کیا جانا ان کیلئے تکلیف کا باعث بنتا رہا،کاون کےساتھ ریچھوں کو بھی بیرون ملک منتقل کیا جائے۔
عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ عدالت پہلے ہی قرار دے چکی ہے کہ جانوروں کوغیرضروری تکلیف دینا خلاف قانون ہے،جانوروں کوان کے قدرتی مسکن سے نکالنا حق زندگی چھیننے کے مترادف ہے،انسانوں کے سامنے نمائش میں چڑیا گھر کے جانور بے پناہ تکلیف برداشت کرچکے ہیں۔ وائلڈلائف بورڈ کے مطابق 3 ہفتے میں جانوروں کی منتقلی کے این او سیز جاری کردیئے جائیں گے۔