جامعہ کراچی

جامعہ کراچی کا ماسٹرز پروگرام میں داخلے نہ دینے کا فیصلہ

کراچی (رپورٹنگ آن لائن) جامعہ کراچی نے ماسٹرز پروگرام میں داخلے نہ دینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔جامعہ کراچی نے نئے تعلیمی سیشن 2022 کے لیے چار سالہ روایتی بی ایس ڈگری پروگرام جاری رکھنے اور ماسٹرز پروگرام میں داخلے نہ دینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔کالج گریجویٹ کو بی ایس پروگرام کے پانچویں سیمسٹر میں داخلہ دیا جائے گا۔ آج ہونے والے اکیڈمک کونسل کے اجلاس میں داخلہ پالیسی کی منظوری دی جائے گی۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد عراقی کا کہنا ہے کہ اجلاس میں بی ایس پروگرام کے پرانے ماڈل پر ہی جاری رکھنے کی منظوری دی گئی تو جامعہ کراچی میں 22 نومبر سے داخلے شروع ہوجائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ایچ ای سی کی جانب سے ماسٹرز پروگرام کو مزید تسلیم نہ کرنے کے بعد اسے ختم کیا جارہا ہے۔

کالج سے دو سالہ گریجویشن کرنے والے طلبہ کو جامعہ کراچی بی ایس کے تیسرے سال میں داخلہ دے گی۔انہوں نے کہا کہ مزید دو سال پڑھنے کے بعد طلبا کو بی ایس کی سند دی جائے گی۔ جامعہ کراچی جاری دو سالہ بی ایس پاس اب ایسوسی ایٹ ڈگری میں تبدیل ہوجائے گا۔ چار سالہ ماسٹرزکو بی ایس چار سال میں تبدیل کیا جارہا ہے۔اس سلسلے میں اکیڈمک کونسل کی بنائی گئی کمیٹی کی جانب سے ایک رپورٹ وائس چانسلر کو جمع کرائی گئی ہے۔

رپورٹ کو ایچ ای سی کی نئی انڈر گریجویٹ پالیسی کے ضمن میں تیار کیا گیا ہے۔بھوربن میں منعقدہ ملک بھر کے وائس چانسلرز کے اجلاس میں واضح طور پر ایچ ای سی کی نئی انڈر گریجویٹ پالیسی کو مسترد کیا جاچکا ہے۔ جس کے بعد ایچ ای سی حکام نے وائس چانسلرز کو اس پالیسی کو از سر نو غور کے لیے کمیشن میں پیش کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔