جامعہ الازھر

جامعہ الازھر کی اسلام کے حوالے سے فرانسیسی صدر کے بیان کی مذمت

قاہرہ(ر پورٹنگ آن لائن)مصر کے ممتاز اسلامی ادارے جامعہ الازھر کے اسکالرز نے اسلام پسند علیحدگی کے حوالے سے فرانسیسی صدر ایمینوئل میکرون کے بیان کو نسل پرستانہ اور نفرت انگیزتقریر قرار دیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق ایمینوئل میکرون نے فرانس کی سیکولر کے بنیاد پرست اسلام کے خلاف دفاع کے منصوبوں کی نقاب کشائی کی جبکہ اس دوران انہوں نے اسلام مخالف بیان بھی دیا۔اس پر جامعہ الازھر کی اسلامک ریسرچ اکیڈمی نے اپنے بیان میں کہا کہ میکرون نے اسلام کے خلاف جھوٹے الزامات عائد کیے جن کا اس مذہب کے اصل جوہر سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ نسل پرستی کے اس طرح کے بیانات سے پوری دنیا میں 2 ارب مسلمان کے جذبات مجروح ہوں گے اور تعمیری مکالمے کا راستہ روکیں گے۔جامعہ الازھر نے کہا کہ اسلام یا دوسرے مذاہب پر اس طرح کی علیحدگی پسندی اور تنہائی پرستی کے جھوٹے الزامات لگاناان مذاہب کی اصل حقیقت کے منافی ہے، مزید یہ اس میں ان کی بھی مذمت کی گئی جو ناجائز مقاصد کے حصول کے لیے مذہبی موادکا استعمال کرتے ہیں۔