جو بائیڈن کی جیت

جارجیا میں جوبائیڈن کی جیت کی وجہ ایشیائی امریکی ووٹرز قرار

واشنگٹن (رپورٹنگ آن لائن ) امریکا کے صدارتی انتخابات میں پانسہ پلٹنے والی ریاست جارجیا میں جو بائیڈن کی جیت ایشیائی امریکی ووٹرز کی وجہ سے ممکن بنی۔

امریکی میڈیا کے مطابق چار برس پہلے جارجیا میں ایشیائی امریکی سیاست میں زیادہ سرگرم نہیں تھے۔ ایشیائی امریکی انتخابی مہم یا فنڈریزنگ تقاریب میں بھی جانے سےگریز کرتے تھے تاہم یہ صورتحال ڈرامائی طور پر تبدیل ہوئی اور اس کا نتیجہ صدارتی انتخاب میں سامنے آیا۔

امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ ریاست جارجیا 1992کے بعد پہلی بار کسی ڈیموکریٹ صدارتی امیدوار کے حق میں گئی ہے۔ دوسری جانب جارجیا میں ایشیائی امریکی اورپیسیفک آئی لینڈرز کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے لہذا جارجیا میں اب ہونے والے سینیٹ الیکشن میں بھی ایشیائی امریکیوں کا کلیدی کردار ہو گا۔