لاہور( رپورٹنگ آن لائن)وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ ثبوت بہت دیئے ہیں مگر پھر شیروں کی کمر میں درد شروع ہو جاتا ہے۔ٹوئٹر پر مریم اورنگزیب کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے ڈاکٹر شہباز گل نے لکھا کہ پھر ان کی زندگی خطرے میں پڑتی ہے، آخرکار وہ دوائی لینے لندن بھاگ جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جھوٹ بول بول کر آپ کو اتنی عادت ہو گئی ہے کہ اب تو بغیر شرمندگی کہ آپ روانی سے جھوٹ بول سکتی ہیں ،اسی بنا ء پر بڑی ترقی کی ہے آپ نے۔انہوں نے ایک اور ٹویٹ میں لکھا کہ مسلم لیگ (ن)اور پیپلز پارٹی حکومت سے بار بار ڈیمانڈ کر رہی ہے کہ 2010 میں سے نیب کا ذکر ہٹا دیا جائے۔
اگر حکومت یہ مان لے تو شہباز شریف اور ان کے خاندان اور پیپلز پارٹی کے منی لانڈرنگ کیسزتقریباً ختم ہو جائیں گے،یہ ہے وہ این آر او جو اپوزیشن عمران خان سے مانگ رہی ہے لیکن خان نہیں دے گا۔