رانا شمیم

ثاقب نثار نے جھوٹ بولا، میں نے انہیں کبھی ایکسٹینشن دینے کا نہیں کہا، رانا شمیم

لاہور(رپورٹنگ آن لائن) سابق چیف جسٹس گلگت بلتستان رانا شمیم نے کہا ہے کہ سابق چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار جھوٹ بول رہے ہیں، انہیں کبھی اپنی ایکسٹینشن کا نہیں کہا، نہ ہی چیف جسٹس پاکستان اس کا اختیار رکھتے ہیں۔

رانا محمد شمیم نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں سابق چیف جسٹس پاکستان کے جواب پر جواب الجواب میں کہا کہ ثاقب نثار گلگت میں میرے مہمان تھے، میں نے ثاقب نثار کے گلگت آنے پر کوئی سرکاری خرچ نہیں کیا تھا اور خبر میں دی گئی تمام باتوں پر قائم ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجھے مدت ملازمت میں توسیع مانگنے کی کوئی ضرورت محسوس ہی نہیں ہوئی اور سابق چیف جسٹس ثاقب نثارکے پاس قانون کے مطابق مجھے توسیع دینے کا اختیار ہی نہیں تھا، ثاقب نثار کون ہوتے ہیں مجھے توسیع دینے والے؟ ۔

رانا شمیم نے مزید کہا کہ حلف نامہ کب اور کس کو دیا یہ ابھی نہیں بتا سکتا لیکن گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کی سپریم کورٹس، سپریم کورٹ آف پاکستان کے ماتحت نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کی سپریم کورٹ میں چیف جسٹس کو ایکسٹینشن دینا وزیراعظم کا اختیار ہے، میں کوئی سیاسی شخصیت نہیں جو سیاسی بیانات دوں، جو بھی حقائق معلوم تھے سامنے لے آیا۔