احسن اقبال

تین سال میں حکومت کسی مخالف رہنما پر کرپشن ثابت نہ کرسکی،احسن اقبال

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ اس حکومت کا یہ تیسرا سال ہےاور یہ ابھی تک کسی بھی مخالف رہنما پرکرپشن ثابت نہیں کرسکے ہیں، عمران خان نے نوکریاں دینے کاوعدہ پورانہیں کیا، 50لاکھ گھردینے کاوعدہ کیا اور5گھر بھی نہیں دیے۔

منگل کو لاہور میں مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ نوازشریف نے قوم سے بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم کرنےکا جو وعدہ کیا تھا وہ پورا کیا۔ نوازشریف نے سی پیک کوگیم چینجربنانےکاوعدہ کیا اور اس کوپورا کیا۔نوازشریف نے ملکی معیشت بحال کرنےکاوعدہ کیا اور پورا کرکے دکھایا۔ احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان نے نوکریاں دینے کاوعدہ کیا لیکن پورانہیں کیا۔ 50لاکھ گھردینے کاوعدہ کیا اور5گھر بھی نہیں دیے۔

گیس بجلی سستی کرنےکاوعدہ بھی پورانہیں کیا۔ سینیٹ انتخابات سے متعلق لیگی رہنما نے کہا کہ حکومت سینیٹ انتخابات میں شفافیت کے نام پرعوام کودھوکادے رہی ہے۔

عمران خان سینیٹ میں اپنے دوستوں کولانا چاہتے ہیں جبکہ حکومت اس سیاسی تنازع میں سپریم کورٹ کوفریق بنانے کی کوشش کررہی ہے۔یہ حکومت ملک میں آئینی انتشار پیدا کرنا چاہتی ہے اورپاکستان کاآئین فرینڈزآف عمران خان کیلئے تبدیل نہیں ہوسکتا۔

انھوں نے مزید کہا کہ امید ہےکہ سپریم کورٹ صدراتی آرڈیننس کو واپس کردے گی،ریفرنس عدالت پر دبا ڈالنے کی کوشش ہے۔ احسن اقبال کا یہ بھی کہنا تھا کہ عمران خان نےکل علما مشائخ کےسامنےبیٹھ کرجھوٹےالزامات لگائے۔