راولپنڈی(رپورٹنگ آن لائن)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ زرمبادلہ کے ذخائر تشویش ناک حد تک6ارب ڈالر سے کم ہوگئے ہیں، سارا ملک تھریٹ الرٹ میں آچکا ہے۔جمعہ کوٹوئٹر پر اپنے بیان میں سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہاکہ13جماعتوں کا گلدستہ مرجھا گیا ہے، یہ ہیلی کاپٹر کی لینڈنگ میں پھنسے ہوئے ہیں، ریموٹ کنٹرول حکومت کے سیل ختم ہو گئے ہیں، سارا ملک تھریٹ الرٹ میں آچکا ہے۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ نے کہاکہ ہم نے دہشتگردی ختم کرنی ہے، کسی کی جنگ کا حصہ نہیں بننا۔ سابق وزیر نے کہاکہ ،آٹا نایاب،بجلی،گیس لوڈشیڈنگ 8گھنٹے ہے، زرمبادلہ کے ذخائر تشویش ناک حد تک 6ارب ڈالر سے کم ہوگئے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ دیکھنا ہوگا سعودی عرب اور چین سے 3،3ارب ملتے ہیں یا نہیں، آئی ایم ایف کا مسئلہ بھی لٹکا ہوا ہے۔سابق وفاقی وزیر نے کہاکہ استعفے اقراری یا انکاری نہیں،اب ملک کی بقاء کا مسئلہ ہے۔ شیخ رشید احمد نے کہاکہ ٹیکنوکریٹ حکومت کی آئین میں گنجائش نہیں، نگران حکومت انتخابات کے لیے آسکتی ہے، نظریہ ضرورت دفن ہوچکا ہے۔
٭٭٭٭٭