لاہور ہائی کورٹ

توہین عدالت کی درخواست پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر لینڈ ریونیو اتھارٹی دیپالپور کو نوٹس جاری

لاہور ( رپورٹنگ آن لائن) لاہور ہائیکورٹ نے عدالتی فیصلے کے خلاف وراثتی انتقال درج کرنے پر توہین عدالت کی درخواست پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر لینڈ ریونیو اتھارٹی دیپالپور کو نوٹس جاری کر دیا۔

جسٹس چودھری محمد اقبال نے دیپالپور کے رہائشی ایاز حیدر کی درخواست پر سماعت کی ۔درخواست گزار کی طرف سے میاں دائود ایڈووکیٹ پیش ہوئے اور دلائل دیتے ہوئے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ نے سول نگرانی کے ذریعے شہری ایاز حیدر کا دعوی ڈگری کر دیا، دعوی ڈگری ہونے کے بعد اسسٹنٹ ڈائریکٹر لینڈ ریونیو دیپالپور نیا وراثتی انتقال درج کرنے کا پابند تھا، دعوی ڈگری ہونے کے باوجود اسسٹنٹ ڈائریکٹر لینڈ ریونیو دیپالپور نے کالعدم شدہ پرانا وراثتی انتقال برقرار رکھا ہے.

اسسٹنٹ ڈائریکٹر لینڈ ریونیو دیپالپور غلام حسین کھوکھر کا یہ اقدام توہین عدالت ہے۔ معزز عدالت سے استدعا ہے کہ ڈائریکٹر لینڈ ریونیو اتھارٹی دیپالپور کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے ۔ عدالت ے اسسٹنٹ ڈائریکٹر لینڈ ریونیو دیپالپور غلام حسین کھوکھر کو 2ہفتوں میں جواب جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی ۔