تونس

تونس میں جاری پرامن احتجاج تصادم اور تشدد کی شکل اختیار کرگیا

تونس سٹی (رپورٹنگ آن لائن)تونس میں بے روزگارہ، معاشی ابتری اور سماجی بے راہ روی کے خلاف ہونے والا پرامن احتجاج تشدد کی شکل اختیار کرگیا۔

میڈیارپورٹس کے مطابق تونسی پولیس نے دارالحکومت تونس میں ہونے والے مظاہروں کے دوران مظاہرین پر آنسوگیس کی شیلنگ کی اور انہیں منتشر کرنے کیلیے لاٹھی چارج کیا۔ دوسری طرف پولیس کے کارروائی کے جواب میں مظاہرین اہلکاروں پر سنگ باری کی۔

مظاہرین کی بڑی تعداد شاہراہ بورقیہ پر جمع ہوئی اور انہوں نے وزارت داخلہ کی طرف مارچ شروع کیا۔ مظاہرین اپنے گرفتار ساتھیوں کی رہائی اور انصاف اور ترقی کیلیے نعرے لگا رہے تھے۔پولیس نے مظاہرین کو روکنے کے لیے ان پر آنسوگیس کی شیلنگ کی اور لاٹھی چارج کیا۔ پولیس اور مظاہرین میں تصادم کے دوران مزید کئی ریلیاں مظاہرین میں شامل ہوگئیں اور مظاہرین اور پولیس میں کئی گھنٹے تک تصادم جاری رہا۔

پولیس کی جانب سے طاقت کے استعمال کے نتیجے میں کئی مظاہرین زخمی ہوگئے۔مظاہرین نے پارلیمنٹ تحلیل کرنے، ملک میں سیاسی نظام کی تبدیلی اور مذہبی سیاسی جماعت تحریک النہضہ کے خلاف بھی شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے النہضہ کے سربراہ راشد الغنوشی کے خلاف بھی نعرے بازی کی اور انہیں سفاح ، قاتل اور خون خوار قرار دینے کے ساتھ اخوان کے حامیوں کو جلد قرار دیا۔