بس حادثہ

تونسہ بائی پاس بس حادثہ،وفاقی وزراءکا اظہار افسوس

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) وفاقی وزراء فواد چوہدری ، شیخ رشید نے تونسہ بائی پاس بس حادثہ پر اظہار افسوس کیا ہے ، وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے اپنے بیان میں کہا کہ ڈیرہ غازی خان کے قریب ٹریفک ایکسیڈنٹ میں تیس لوگ جان کی بازی ہار گئے ہیں،کب ہم بحیثیت قوم یہ احساس کریں گے کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی جان لیوا ہے،

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹ کے ڈرائیورز لوگوں کی زندگیوں کے امین ہیں انھیں اور بھی احتیاط کی ضرورت ہے، جبکہ وزیر داخلہ شیخ رشید نے تونسہ بائی پاس بس حادثے میں 28 افراد کے جاں بحق ہونے پر افسوس اور لواحقین سے اظہار ہمدردی کیا ہے، اپنے تعزیتی بیان میں شیخ رشید نے زخمیوں کی صحتیابی کےلئے دعا کی ،

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ عید کے لئے گھروں کو جانے والوں کے لئے بس حادثہ قیامت سے کم نہیں،اللہ تعالی جاں بحق افراد کو جنت میں اعلی درجے پر فائز کرے اورمرحومین کے لواحقین کو صدمہ برداشت کرنے کی ہمت دے۔