اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)اسلام آباد ہائیکورٹ میں توشہ خانہ ٹوکیس سے متعلق اہم پیشرفت سامنے آئی ہے،بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکیل نے بریت درخواستیں پیر 22ستمبرکومقررنہ ہونے کی صورت میں کارروائی کا بائیکاٹ کرنے کی دھمکی دے دی۔
جمعہ کو اسلام آبادہائیکورٹ میں بانی پی ٹی آئی اوربشریٰ بی بی کی توشہ خانہ ٹوکیس میں بریت کی درخواستیں جلد مقررکرنے کے لئے متفرق درخواستوں پر سماعت ہوئی۔دوران سماعت وکیل سلمان صفدرنے مؤقف اختیار کیاکہ ہماری درخواستیں پیرکومقررکریں،ورنہ اس کیس میں دوبارہ عدالت نہیں آؤں گا۔
وکیل نے کہاکہ ہمیں عدالتوں کے دھکے کھانے پڑ رہے ہیں لیکن کیسز نہیں لگتے،کیس کا ٹرائل بہت جلدبازی میں چلایا جا رہا ہے، اگر پیرتک درخواست نہ لگی تو فیصلہ آ جائے گا۔جسٹس انعام امین منہاس نے کہاکہ پیر کو میرے پاس کئی کیسز ہیں لیکن دیکھ لیتا ہوں، روسٹر دیکھ کر بتایا جائے گا کہ بریت کا کیس کب لگے گا۔









