اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)تنخواہیں بڑھانے کے حوالے سے سرکاری ملازمین کے نمائندوں سے حکومتی کمیٹی کے مذاکرات کامیاب ہو گئے،سرکاری ملازمین کے نمائندوں سے حکومتی کمیٹی کے مذاکرات میں تمام گرفتار سرکاری ملازمین کو رہا کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے ،اس سلسلے میں وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے اسلام آباد انتظامیہ کو گرفتار کئے گئے تمام ملازمین کو فی الفور رہا کرنے کے احکامات بھی جاری کر دئیے ہیں ،
ذرائع کے مطابق جمعرات کو سرکاری ملازمین کی جانب سے ڈی چوک میں تنخواہوں میں اضافے کے مطالبے پر کئے جانے والے احتجاج پر سرکاری ملازمین کے نمائندوں سے حکومتی کمیٹی کے مذاکرات ہو ئے ،مذاکرات میں وزیر دفاع پرویز خٹک، وزیر داخلہ شیخ رشید احمد اور وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے حکومتی نما ئندگی کی جبکہ سرکاری ملازمین کی نما ئندگی آل گورنمنٹ ایمپلایز الائینس کے چیرمین رحمان باجوہ نے کی،مذاکرات میں صوبائی ملازمین کے نمائندوں نے بھی شرکت کی،
مذاکرات کی کامیابی کے بعد وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے اسلام آباد انتظامیہ کو فی الفور گرفتار کئے گئے احتجاجی ملازمین کو رہا کرنے کی ہدایت کر دی جبکہ مذاکرات کے دوران طے کئے جانے والے نکات کا اعلان جلد متوقع ہے۔