کراچی(رپورٹنگ آن لائن)اکثر تنازعات کا شکار رہنے والی پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ علیزے شاہ نے سب کو معاف کرنے کا اعلان کردیا۔فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے انہوں نے رمضان المبارک کے اس بابرکت مہینے میں سب کو معاف کرنے کا اعلان کیا ہے۔
علیزے شاہ نے انسٹاگرام پر ایک نوٹ شیئر کیا جس میں لکھا کہ گزشتہ سال میری زندگی کا مشکل ترین سال تھا۔ میں خود کو اللہ سے دور اور گمراہ محسوس کیا کرتی تھی۔ اکثر میرا ایمان اندھیرے سے بھی زیادہ گہرا لگتا تھا لیکن اس سال، خصوصاً اس بابرکت مہینے رمضان میں، میں نے مختلف راستہ اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اداکارہ نے لکھاکہ میں واپس لوٹنے کا انتخاب کر رہی ہوں، میں اپنے دل کو نرم کرنے کا انتخاب کر رہی ہوں، میں ہر اس شخص کو معاف کرنے کا انتخاب کر رہی ہوں جس نے مجھے تکلیف دی، اس لیے نہیں کہ وہ اس کے مستحق ہیں، بلکہ اس لیے تاکہ میری روح سکون کی مستحق ہے، سب سے پہلے میں اللہ سے معافی کی طلب گار ہوں، اس امید کے ساتھ کہ وہ مجھے اسی طرح معاف کرے گا جیسے میں اس کی مخلوق کو معاف کرنا سیکھ رہی ہوں۔
انہوں نے لکھا کہ میں سمجھتی ہوں کہ میں ایک تاریک دور سے گزر رہی تھی، مجھے صرف اس امید کا سہارا تھا جو اللہ نے میرے دل میں رکھی اور میرے والدین کا میرے حوالے سے صبر۔انہوں نے لکھا کہ بعض اوقات ہمیں معلوم ہوتا ہے کہ ہم بھٹک رہے ہیں، ہمیں احساس ہوتا ہے کہ ہم غلط ہیں، مگر ہم اپنے غرور کو جیتنے دیتے ہیں،تب ہم اپنی ہی کہانی کے ولن بن جاتے ہیں، اس لیے میں خود سے اور آپ سب سے کہتی ہوں، پچھتاوے کو توبہ سے زیادہ بھاری نہ ہونے دیں،اس وقت لوٹ آئیں جب دل میں ابھی احساس باقی ہو، جب تک ممکن ہو، معاف کر دیں۔سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد نے ان کے اس اقدام کو سراہا اور ذہنی سکون کیلئے دوسروں کو معاف کرنے کے فیصلے کو قابل تحسین قرار دیا۔









