کراچی(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ تمام چور بری ہو کر وزیر بنائے جارہے ہیں۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جاری کردہ بیان میں عمران اسماعیل نے کہا کہ نیب سے اب آصف زرداری کو ریلیف ملنے جارہا ہے، تمام چور بری ہوکر یا امپورٹ ہو کر وزیر بنائے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس سارے معاملے میں زیادتی ایم کیو ایم کیساتھ ہورہی ہے، نہ من پسند وزارتیں ملی، نہ کیسز ختم ہوسکے اور گورنر بھی امپورٹ کر کے لگادیا گیا۔سابق گورنر سندھ نے کہاکہ ایم کیو ایم اب جماعت نہیں صرف آپشن کے طور ہی سیاست میں کردار ادا کرے گی۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پاکستانی نیرو یہ نہ سمجھے کہ وہ بانسری بجاکر چین سے سوجائے گا، معیشت اور سیاست کو نقصان پہنچانے والے عوام سے ڈر رہے ہیں۔عمران اسماعیل نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم کی ضمنی انتخابات میں بدترین شکست پر بلاول خوشیاں منارہے ہیں جبکہ ایون فیلڈ میں صف ماتم بچھا ہوا ہے۔ عوام نے نوسربازوں تاحیات سبق سکھانے کی ٹھان لی ہے۔