لاہور( رپورٹنگ آن لائن)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ ملک کے تمام طبقات کو سیلاب زدگان کی فوری مدد اور ان کی بحالی کے لئے آگے آنا چاہیے ،وفاقی اور صوبائی حکومتیں سیلاب متاثرین کے لئے فنڈز کے قیام کا اعلا ن کر یں اور اراکین اسمبلی اور سینیٹر ز کم از کم ایک ماہ کی تنخواہ عطیہ کرنے کا اعلان کریں اسی طرح تمام وفاقی اور صوبائی محکموں کے ملازمین سے بھی کم از کم پانچ ،پانچ روز کی تنخواہیں سیلاب فنڈز میں لی جائیں۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ حالیہ بد ترین سیلاب سے معیشت کو بڑا دھچکا لگا ہے جس کے اثرات آنے والے مہینوںمیں سامنے آئیں گے ، حکومت مکمل بحالی کے لئے وسائل کا رخ سیلاب متاثرین کی طرف موڑے ،متاثرہ علاقوں میں یوٹیلٹی بلز ،ٹیکسز معاف کئے جائیں ،سیلاب کا پانی اترنے کے بعد کسانوں کے نقصان کا ازالہ کیاجائے اور انہیں زمین کی تیاری اورزرعی مداخل کے لئے مالی امداد دی جائے۔
حالیہ سیلاب سے بہت بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے جس سے نہ صرف افرادمتاثر ہوئے ہیں بلکہ اربوں روپے کا سٹرکچر بھی تباہ ہو گیاہے ، لاکھوں لوگ کھلے آسمان تلے پڑے ہیں ، پاکستانی قوم کو اپنے متاثرہ بہن بھائیوں کو دوبارہ اپنے گھروں میں آباد کرنے کیلئے بڑھ چڑھ کر اپنا حصہ ڈالنا چاہے ۔حکومت عالمی مالیاتی اداروں، ڈونرز ایجنسیوں اور دوست ممالک سے بھی سیلاب متاثرین کے لئے امداد اکٹھی کرے اور اسے شفافیت کے ساتھ متاثرہ علاقوں کی بحالی کے لئے خرچ کیا جانا چاہیے ۔