کراچی (رپورٹنگ آن لائن) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ تمام ترقیاتی منصوبے اپنے مقررہ وقت پر مکمل کئے جائیں جو افسران کام نہیں کررہے ہیں انہیں ان کے عہدوں سے فارغ کردیا جائے، ترقیاتی کاموں میں تیزی لائی جائے، رواں مالی سال میں ڈھائی سو ترقیاتی اسکیمیں مکمل کرنی ہیں.
ان خیالات کا اظہار میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے محکمہ انجینئرنگ کے اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، میونسپل کمشنر کے ایم سی افضل زیدی، مشیر مالیات گلزار علی ابڑو، ڈائریکٹر جنرل ورکس طارق مغل، مختلف اضلاع کے چیف انجینئرز اور متعلقہ افسران نے شرکت کی، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے محکمہ انجینئرنگ کی کارکردگی پر اظہار برہمی کیا اور انہیں سختی سے ہدایت کی کہ اگر افسران اپنے ٹارگٹ پورا نہیں کریں گے تو انہیں ان کے عہدوں سے ہٹادیا جائے.
انہوں نے کہا کہ گراؤنڈ پر کام نظر آنا چاہئے تمام ترقیاتی اسکیموں کے فنڈز موجود ہیں اس لئے کوئی جواز قبول نہیں کیا جائے گا، میئر کراچی نے کہا کہ انتظامی فیصلے کرنا اور فنڈز کی فراہمی میرا کام ہے لیکن گراؤنڈ پر کام کرنا اور ترقیاتی اسکیموں کو مکمل کرنا محکمہ انجینئرنگ کی ذمہ داری ہے، انہوں نے کہا کہ جو ٹھیکیدار ترقیاتی کام نہیں کرپا رہے ان کے ٹھیکے منسوخ کردیئے جائیں اور انہیں بلیک لسٹ کیا جائے، میئر کراچی نے کہا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام اور ڈسٹرکٹ اے ڈی پی کی اسکیمیں جنہیں رواں سال میں مکمل ہونا ہے ان میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی.
انہوں نے ڈائریکٹر جنرل کو ہدایت کی کہ وہ اپنی ٹیم بنائیں اور جو ان کی ہدایت پر عمل نہیں کرتا انہیں اختیار ہوگا کہ وہ محکمے سے ایچ آر ایم رپورٹ کرا دیں، انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے وژن اور چیئرمین بلاول بھٹو کی ہدایت کے مطابق ہمیں شہر کو تبدیل کرنا ہے، بہتری لانی ہے اور مفاد عامہ کے کاموں کو اولین ترجیح دینی ہے، انہوں نے کہا کہ تمام منصوبوں کے لئے کے ایم سی کے پاس فنڈز موجود ہیں، اس لئے ترقیاتی اسکیموں کی تکمیل میں کوئی رکاوٹ نہیں ہونی چاہئے، میئر کراچی نے کہا کہ جو منصوبے مکمل ہوچکے ہیں.
انہیں افتتاح کے فوری بعد عوام کے لئے کھول دیئے جائیں تاکہ وہ ان منصوبوں سے استفادہ کرسکیں، میئر کراچی نے کہا کہ کریم آباد انڈرپاس پر کام کی رفتار تیز کی جائے اور اسے وقت مقررہ پر مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو سہولت میسر آئے، میئر کراچی نے کہا کہ عید کے فوری بعد کورنگی پل پر کام کا آغاز کیا جائے گا جب ریلوے لائن مہران ٹاؤن پر پل کی تعمیر کے لئے انتظامات کئے جائیں اور ٹینڈر میں دی گئی مدت مکمل ہوتے ہی تعمیراتی کاموں کا آغاز کردیا جائے، میئر کراچی نے کہا کہ کراچی میں کلک کے زیر انتظام جو ترقیاتی کام جاری ہیں انہیں بھی وقت مقررہ پر مکمل کیا جائے۔