یاسمین راشد

تمام اضلاع کو کوٹہ کے مطابق وافر مقدار میں ویکسین فراہم کی جا رہی ہے’یاسمین راشد

لاہور(رپورٹنگ آن لائن) صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں صوبہ میں ویکسی نیشن کی رفتار اور ویکسین کے سٹاکس کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس منعقد ہوا۔چیف سیکرٹری پنجاب، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، محکمہ صحت کے سیکرٹریزاوراعلیٰ سول و عسکری حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔تمام ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔ اس موقع پر ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ تمام اضلاع کو کوٹہ کے مطابق وافر مقدار میں ویکسیئن فراہم کی جا رہی ہے۔ کسی بھی ضلع میں ویکسین کی کوئی کمی نہیں۔انہوں نے کہا کہ ویکسی نیشن سینٹرز کی تعداد بڑھانے کیساتھ 198 موبائل ویکسی نیشن کیمپ بھی قائم کئے گئے ہیں۔این سی او سی کی گائیڈ لائنز کے مطابق ویکسیئن لگانے کے ہدف کو پورا کیا جائیگا۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری پنجاب نے کچھ اضلاع میں کم ویکسی نیشن ہونے پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ ویکسی نیشن کا ہدف پورا نہ کرنے والے اضلاع کے افسران کیخلاف ایکشن لیا جائے گا۔ قصور، شیخوپورہ، حافظ آباد، گوجرانوالہ، ڈی جی خان، فیصل آباد، لاہور میں ویکسی نیشن کی رفتار کو تیز کیا جائے۔ویکسی نیشن کے اہداف کے حوالے سے غفلت برداشت نہیں۔

چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ ویکسی نیشن سے متعلق ڈیٹا کی رپورٹنگ کو بہتر بنایا جایا۔محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کے ہسپتالوں میں قائم سینٹرز میں لگائی جانیوالی ویکسین کی تعداد سے متعلق الگ رپورٹ بھجوائی جائے۔چیف سیکرٹری نے ویکسی نیشن کا روزانہ ہدف پورا کرنے پر میانوالی کے افسران کی کارکردگی کی تعریف کی۔سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ نبیل اعوان اور سیکرٹری پرائمری ہیلتھ سارہ اسلم نے اجلاس کو بریفنگ دی۔