اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن ) وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ راوی سٹی منصوبہ ایک فلیگ شپ منصوبہ ہے یہ معاشی ترقی میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے، تعمیراتی منصوبوں کے حوالے سے منظوریوں کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے، ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لئے جنگلات کا تحفظ از حد ضروری ہے، کیڈاسٹری ریکارڈ کے ڈیجیٹلائز ہونے سے نہ صرف جنگلات کا تحفظ ممکن ہوگا بلکہ جنگلات کے حوالے سے قبضہ مافیا اور غیرقانونی تجاوزات کا تدارک کرنے میں مدد ملے گی، ملک میں ماحولیاتی تحفظ کے لئے جو اقدامات موجودہ حکومت نے اٹھائے ہیں ان کی ماضی میں نظیر نہیں ملتی ۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی برائے ہاوسنگ، کنسٹرکشن و ڈویلپمنٹ کا اجلاس ہوا ، اجلا س کو بتایا گیا کہ وزیرِ اعظم کی ہدایات کی روشنی میں ملکی تاریخ میں پہلی دفعہ پاکستان انجینئیرنگ کونسل نے پاکستان بلڈنگ کوڈ کو مد نظر رکھتے ہوئے کم لاگت والے گھروں کے حوالے سے قومی معیار (نیشنل اسٹینڈرڈ سپیسی فیکیشنز) مرتب کیے گئے ہیں۔ ان معیار پر تمام صوبوں کی مشاورت و رضامندی شامل ہے ،یہ مفصل کوڈ چار ماہ کی ریکارڈ مدت میں مرتب کیا گیا ہے۔
وزیرِ اعظم نے کم لاگت والے گھروں کے حوالے سے یکساں معیار پر مبنی کوڈ مرتب کرنے پر پاکستان انجینرنگ کونسل و ودیگر کی کاوشوں کو سراہا۔ وزیرِ اعظم کو صوبہ پنجاب اور صوبہ سندھ میں ہاوسنگ منصوبوں کے حوالے سے اب تک دی جانے والی منظوریوں اور رقبے کے بارے میں بریفنگ دی گئی ۔چیف سیکرٹری پنجاب نے بتایا کہ اب تک 25607 درخواستیں موصول ہوئیں جو کہ 120.84 ملین مربع فٹ پر تعمیرات کے حوالے سے تھیں۔
ان درخواستوں میں سے 17572 درخواستیں منظور کی جا چکی ہیں جن کا رقبہ 64.29 ملین مربع فٹ ہے منظور شدہ منصوبوں میں رہائشی منصوبوں کا رقبہ 46.09 ملین مربع فٹ جبکہ کمرشل تعمیرات کا رقبہ 17.56 ملین مربع فٹ ہے ۔ بقیہ رقبے پر تعمیراتی منصوبوں کی درخواستیں زیر غور ہیںایڈیشنل چیف سیکرٹری سندھ نے بتایا کہ صوبہ سندھ میں اب تک پبلک سیل کے تقریبا 33 منصوبوں کی منظوری دی جا چکی ہے۔
چیف سیکرٹری پنجاب نے بتایا کہ زمین کے استعمال کے حوالے سے ایل ڈی اے کے تجربے اور قوانین کو مدنظر رکھتے ہوئے دیگر تمام علاقوں کو انہی قواعد پر عمل کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے اس سے زمین کے استعمال کے حوالے سے معاملات کے جلد حل میں خاطر خواہ مدد ملے گیسروئیر جنرل آف پاکستان نے وزیرِ اعظم کو کیڈاسٹری ( رجسٹر مال/پیمائش اراضی) کی ڈیجیٹلائزیشن منصوبے کے حوالے سے پیش رفت سے آگاہ کیا۔ سروئیر جنرل آف پاکستان نے شہروں کے ساتھ ساتھ ملک بھر کے جنگلات کا اراضی ریکارڈ ڈیجیٹلائز کرنے کے حوالے سے اب تک ہونے والی پیش رفت سے وزیر اعظم کو بریف کیا۔
وزیرِ اعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تعمیراتی منصوبوں کے حوالے سے منظوریوں کا مقررہ مدت میں مکمل کیے جانے کو یقینی بنایا جائے۔ وزیرِ اعظم نے جنگلات کے تحفظ اور اس حوالے سے ریکارڈ کو ڈیجیٹل کرنے کی اہمیت پر خصوصی طور پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لئے جنگلات کا تحفظ از حد ضروری ہے انہوں نے کہا کہ کیڈاسٹری ریکارڈ کے ڈیجیٹلائز ہونے سے نہ صرف جنگلات کا تحفظ ممکن ہوگا بلکہ جنگلات کے حوالے سے قبضہ مافیا اور غیرقانونی تجاوزات کا تدارک کرنے میں مدد ملے گی۔
قبل ازیں وزیراعظم عمران خان کو راوی سٹی اور سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ منصوبوں پر پیشرفت کے حوالے سے بریفنگ دی گئی ۔وزیر برائے اطلاعات و نشریات چوہدری فواد احمد، وزیر خزانہ شوکت فیاض ترین، معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل، چیئرمین نیا پاکستان ہاوسنگ اتھارٹی لیفٹننٹ جنرل(ر)انور علی حیدر اور سینیئر افسران اجلاس میں شریک تھے۔ مشیر وزیر اعلی پنجاب ڈاکٹر سلمان ، معاون خصوصی وزیر اعلی پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک کی بریفنگ میں ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی ۔
چیئرمین نیا پاکستان ہاوسنگ اتھارٹی لیفٹننٹ جنرل(ر)انور علی حیدر اور سی ای او راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی وزیر اعظم کو راوی سٹی میں ہونے والی مثبت پیشرفت، خصوصا بڈنگ کے آغاز، ماحولیاتی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے مجوزہ لائحہ عمل، اراضی کے حصول اور قوائد و ضوابط سے متعلقہ امور کو فاسٹ ٹریک بنیادوں پر نمٹانے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی ۔
راوی سٹی کے مختلف زونز کی ڈویلپمینٹ اور بیرونی سرمایہ کار کمپنیوں کی منصوبے میں گہری دلچسپی، خصوصا راوی سٹی کے ایک زون کے لئے 5 معروف سرمایہ کار گروپس کی جانب سے بڈنگ کے آغاز، اور مستقبل میں نئے زونز میں لینڈ ڈویلپمینٹ کے لئے بین الاقوامی کنسورشیم کی جانب سے دلچسپی پر بھی اجلاس کو بریف کیا گیا ۔ شرکا کو راوی سٹی میں ٹیکنالوجی زون اور نالج سٹی کے زونز کی ڈویلپمینٹ کے ضمن میں نجی شعبے کے اشتراک اور مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کے حوالے سے ہونے والی ابتدائی پیشرفت، ایشین ڈویلپمنٹ بینک کی فنانسنگ سے ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کے قیام، اراضی حصول میں اراضی مالکان کو مناسب قیمتوں کی ادائیگی کے ضمن میں معاملات میں فیصلہ کن پیش رفت، گرین ایریاز کے قیام کو یقینی بنانے اور معروف جامعات کے ساتھ راوی اربن ڈویلپمنٹ ینگ لیڈرز پروگرام کے تحت نوجوانوں کے لئے ملازمت کے مجوزہ پروگرام پر بھی وزیراعظم کو تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔
سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ منصوبے کے پہلے فیز کی لانچنگ کی منصوبہ بندی کے حوالے سے سرمایہ کاروں کے ساتھ مشاورت، اور مستقبل میں منصوبے کے مجوزہ خدوخال پر بھی اجلاس کو مختلف سفارشات پیش کی گئیں ۔وزیر اعظم عمران خان نے راوی سٹی منصوبے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ ایک فلیگ شپ منصوبہ ہے جو معاشی ترقی میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔
وزیر اعظم عمران خان نے منصوبے میں گرین ایریاز کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں ماحولیاتی تحفظ کے لئے جو اقدامات موجودہ حکومت نے اٹھائے ہیں ان کی ماضی میں نظیر نہیں ملتی ۔وزیر اعظم نے راوی سٹی اور سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ منصوبوں کی راہ میں درپیش مسائل فوری طور پر نوٹس میں لانے کی ہدایت کی تاکہ ان مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا سکے۔