لاہور (رپورٹنگ آن لائن) حکومت پاکستان کے ویژن اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی ہدایات کے مطابق تعمیراتی شعبے کی ترقی اور گھروں کی تعمیر میں معاونت فراہم کرنے کے لئے پاکستان کے سب سے بڑے رئیل اسٹیٹ پورٹل زمین ڈاٹ کام اور بینک الفلاح کے مابین معاہدہ طے پا گیا ہے۔
جس کے تحت زمین ڈاٹ کام اور بینک الفلاح صارفین کی سہولت کو مد نظر رکھتے ہوئے انہیں گھروں کی تعمیر اور ڈویلپرز کو ڈویلپرفنانس سے متعلق معاونت فراہم کریں گے۔معاہدے کے مطابق زمین ڈاٹ کام اور بینک الفلاح اپنے اپنے شعبے کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولیات کو مؤثر انداز میں ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے صارفین تک پہنچائیں گے ۔مزید برآں بینک الفلاح کی کنزیومر فنانس اور ڈویلپر فنانس کی سہولیات بھی زمین ڈاٹ کام کے توسط سے صارفین کو فراہم کی جائیں گی۔
اس حوالے سے لاہور میں منعقد ہونے والی ایک تقریب میں زمین ڈاٹ کام کے سی ای او ذیشان علی خان ، کنٹری ہیڈ احمد بھٹی ، سینئر ڈائریکٹر شجاع اللہ خان اور مینجر بینکنگ عمر فاروق جبکہ بینک الفلاح کے سی ای او عاطف باجوہ، گروپ ہیڈ ریٹیل بینکنگ مہرین احمد اور ہیڈ آف کنزیومر فنانس سید محمد آصف کی موجودگی میں مفاہمتی یاداشت پر دستخط کئے گئے۔
زمین ڈاٹ کام کے سی ای او ذیشان علی خان نے بینک الفلاح کے ساتھ ہونے والے اس معاہدے کو رئیل اسٹیٹ سیکٹر اور بینکنگ سیکٹر کیلئے خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ بینک الفلاح کے ساتھ مل کر صارفین اور ڈویلپرز کو مالی معاونت اور رہنمائی فراہم کریں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ رئیل اسٹیٹ سیکٹر کی تعمیرو ترقی اور اسے جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے زمین ڈاٹ کام نے ہمیشہ اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے اور مستقبل میں بھی یہ سفر جاری رہے گا۔
بینک الفلاح کے سی ای او عاطف باجوہ کا کہنا تھا کہ زمین ڈاٹ کام کے ساتھ معاہدہ باعث افتخار ہے ۔ بینک الفلاح نے کنزیومر فنانس اور ڈویلپر فنانس کو اپنی مصنوعات میں شامل کرکے رئیل اسٹیٹ سیکٹر کیلئے مالی معاونت کے حصول کو مزید آسان بنا دیا ہے، اور صارفین یہ سہولت اب زمین ڈاٹ کام کے آن لائن پلیٹ فارمز کے ذریعے آسانی سے حاصل کر سکتے ہیں۔