ایران

تعطل کا شکارجوہری مذاکرات میں سرخ لکیروں سے دستبردارنہیں ہوں گے،ایران

تہران (رپورٹنگ آن لائن)ایران 2015 میں طے شدہ جوہری معاہدے کی بحالی کے مقصد سے امریکا کے ساتھ بالواسطہ مذاکرات میں اپنی سرخ لکیروں سے دستبردارنہیں ہوگا۔میڈیارپورٹس کے مطابق ایران کے اس موقف کا اعادہ وزیرخارجہ حسین امیرعبداللہیان نے شامی ہم منصب سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انھوں نے کہا کہ ہمارے اور امریکیوں کے درمیان پیغامات کا تبادلہ یورپی یونین کے ذریعے ہورہا ہے۔

وزیر خارجہ کہا کہ ہم نے باربار اس بات پر زوردیا ہے کہ ایران امریکا کے ضرورت سے زیادہ پیش کردہ مطالبات پر توجہ نہیں دیتا اور اپنی سرخ لکیروں سے پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں۔امیرعبداللہیان نے کہا کہ سفارت کاری کا راستہ اچھی طرح کام کر رہا ہے اور ہم کسی اچھے اور پائیدار معاہدے تک پہنچنے سے زیادہ دورنہیں ہیں۔