سینیٹر مولابخش چانڈیو

تعصب پرست عمران حکومت مسلسل سندھ پر حملہ آور ہے،سینیٹر مولابخش چانڈیو

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سینیٹر مولابخش چانڈیو نے کہا ہے کہ تعصب پرست عمران حکومت مسلسل سندھ پر حملہ آور ہے،ضیاء اورمشر ف کی باقیات سندھ کے جمہوریت پسندی کا بدلہ لے رہے ہیں، آمریت نواز کٹھ پتلی وزیراعظم وفاق کے ساتھ کھیل رہے ہیں ، سلیکٹڈ سرکار ہوش کے ناخن لے اور سندھ کو اپنے حصے کا پورا پانی دے۔

جمعرات کو اپنے ایک بیان میں پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سینیٹر مولابخش چانڈیو نے کہا کہ تعصب پرست عمران حکومت مسلسل سندھ پر حملہ آور ہے،ایں ایف سی پر ڈاکہ ڈالنے کے بعد سندھ کا پانی چوری کر دیا گیا ہے،ضیاء اور مشرف کی باقیات سندھ کے جمہوریت پسندی کا بدلہ لے رہے ہیں ،عمران خان مسلسل وفاقی اداروں کو صوبوں کے خلاف استعمال کر رہے ہیں ۔

سینیٹر مولابخش چانڈیو نے کہا کہ آمریت نواز کٹھ پتلی وزیراعظم وفاق کے ساتھ کھیل رہے ہیں ، سلیکٹڈ سرکار ہوش کے ناخن لے اور سندھ کو اپنے حصے کا پورا پانی دے، آمریتوں اور سلیکٹڈ حکومتوں نے ہمیشہ وفاق پاکستان کے ساتھ کھلواڑ کیا ہے، عمران خان حکومت کو وفاق کے ساتھ کھلواڑ کرنے نہیں دیں گے، پیپلز پارٹی وفاق کی علامت ہے اور تمام صوبوں کے حقوق کی محافظ ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اپنے ہر دور حکومت میں وفاقی اکائیوں کو حقوق اور اختیار دئے،عمران خان اپنی ناکامیوں کو چھپانے کیلئے ہر روز نیا تنازعہ کھڑ کر دیتے ہیں۔