انقرہ (رپورٹنگ آن لائن)ترکی کے صوبہ وان میں نگرانی اور فضائی معائنے کے لیے استعمال کیا جانے والا طیارہ پہاڑ سے ٹکرا کر تباہ ہونے کے نتیجے میں 7 سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے۔
وزیر داخلہ سلیمان سولو نے مشرقی صوبے میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ہماری ٹیموں نے مطلع کیا ہے کہ ہم حادثے میں 7 جانباز کھو چکے ہیں جن میں سے دو پائلٹس تھے۔انہوں نے کہا کہ طیارہ زمین سے تقریباً 2 ہزار 200 فٹ کی بلندی پر پہاڑ سے ٹکرایا، جہاز نے مقامی وقت کے مطابق شام 6 بجکر 35 منٹ پر وان فیرت ملان ایئرپورٹ سے اڑان بھری تھی۔
سلیمان سولو نے کہا کہ 2015 کے ماڈل کا طیارہ پیر سے وان اور ہاکاری صوبوں میں نگرانی اور معائنے کے مشن پر تھا۔ انہوں نے کہاکہ طیارے کے پائلٹس نے آخری بار ٹاور سے اس وقت رابطہ کیا تھا وہ رات ساڑھے 10 بجے ضلع بسکالے کی طرف تھے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ تقریباً پونے 11 بجے طیارے سے رابطہ مکمل طور پر منقطع ہوگیا تھا،انہوں نے بعد ازاں طیارے کو پیش آنے والے حادثے کے مقام کا دورہ کیا۔