لاہور( رپورٹںگ آن لائن) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی ایک اور 9 مئی کی بغاوت ناکام بنا دی گئی ، وفاقی حکومت اور پنجاب حکومت کی بہترین حکمت عملی سے بلوائیوں کی بغاوت ناکام بنائی گئی،شرپسندوں کے پتھرا ئوسے ایک سینئر پولیس اہلکار شہید جبکہ درجنوں زخمی ہیں۔
اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ یہ دہشتگرد اور فسادی کہتے ہیں ہمارا احتجاج پرامن تھا، خیبر پختونخواہ کے سرکاری وسائل اور سرکاری ملازمین کے ذریعے فیڈریشن پر یلغار کی گئی،احتجاج میں خیبرپختونخوا ہ کی پولیس کے اہلکاروں اور افغان شہریوں کی شرکت باعث تشویش اور تحقیق طلب ہے،پنجاب کے عوام نے تحریک فساد اور اس کے ماسٹر مائنڈ کو اس مرتبہ بھی مسترد کردیا ہے ۔
انہوںنے کہا کہ جو انقلاب لانے نکلے تھے اب وہ جوتیاں چھوڑ کر بھاگ گئے، جس کے اپنے بچے لندن میں بیٹھے وہ قوم کے بچوں کو ریاست کے خلاف استعمال کر رہا ہے، مجھے ان والدین پر افسوس ہے جو اپنے بچوں کو اس فتنے کی سیاست کی بھینٹ چڑھا رہے ہیں، کیا خیبر پختونخواہ کے لوگوں کی قسمت میں دھرنے،جلسے اور مار دھاڑ ہی باقی رہ گئے ہیں؟، جو بہترین معیار زندگی کی سہولیات پنجاب کے لوگوں کو مل رہی وہی سہولیات خیبر پختوانخواہ کے عوام کا بھی حق ہیں،خیبر پختوانخواہ کے عوام کو اپنے بہتر مستقبل کے لیے ان شرپسندوں کا محاسبہ کرنا چاہیے۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پاکستان جب بھی ٹریک پر آتا ہے تو ایسے فتنے رخنہ ڈالنے کے لیے باہر نکل آتے ہیں۔