ہمایوں اخترخان

تحریک انصاف کنٹونمنٹ کے بلدیاتی انتخابات میں فتح حاصل کرکے کامیابیوں کاتسلسل بر قراررکھے گی’ہمایوں اخترخان

لاہور( رپورٹنگ آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنماو سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کنٹونمنٹ بورڈز کے بلدیاتی انتخابات میں فتح حاصل کرکے کامیابیوں کاتسلسل جاری رکھے گی ،جو لوگ کسی وجہ سے ناراض ہیں ایک ایک کے گھر جا کر انہیں منائیں گے،قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف بیانیے کی وجہ لیگی کارکنان مسلم لیگ(ن) سے لا تعلق ہو رہے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے وارڈ نمبر 2والٹن کینٹ میں بلدیاتی انتخابات کے امیدواروںکی انتخابی مہم سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر میجر (ر) کے ڈی ،سکندر شاہ،صیام چوہدری،مبارک گل سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔ ہمایوں اخترخان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میںہم سب مافیاز کے خلاف جدوجہد کر رہے ہیں ، مافیاز نے کئی دہائیوں سے پنجے گاڑھے ہوئے تھے ، اسٹیٹس کو قائم کیا ہوا تھا لیکن وزیر اعظم عمران خان کی جدوجہد رنگ لائی ہے اور انہوںنے اسٹیٹس کو توڑا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہم تین دہائیوں سے اس حلقے میں سیاست کر رہے ہیں، ہم اقتدارمیں ہوں یا نہ ہوں ہم نے حلقے کی عوام کا ساتھ نہیں چھوڑا ،ہم نے حلقے کے بنیادی مسائل حل کرنے کیلئے بہت محنت کی ہے اور بڑے بزرگ اس کے گواہ ہیں۔ ہمایوں اخترخان نے کہا کہ ہم نے اپنا اتحاد بر قرار رکھناہے اور اس کے ذریعے کامیابی حاصل کرنی ہے ، جو لوگ کسی وجہ سے ناراض ہیں ہم ایک ایک کو منانے کے لئے ان کے گھر جائیں گے کیونکہ یہ لوگ ہمارے بازو اور طاقت ہیں ۔