اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل سید نیئر حسین بخاری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کا اہم قومی سلامتی کے معاملات پر سیاست سمجھ سے بالاتر ہے۔ اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ آل پارٹیز کانفرنس میں عدم شرکت دہشتگردوں کی سہولت کاری ہمدردی کے مترادف ہے۔
انہوںنے کہاکہ آل پارٹیز کانفرنس میں سیکورٹی صورت حال سمیت قومی مسائل اور چیلیجز سے نمٹنے کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ انہوںنے کہاکہ ارض وطن کو امن کا گہوارہ بناکر شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا قومی قیادت کا فرض اولین ہے۔انہوںنے کہاکہ عمران خان کا آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت سے انکار دہشتگردوں کی آلہ کاری کے مترادف ہے۔
انہوںنے کہاکہ دہشتگردی کے خلاف قومی سلامتی اداروں افواج پاکستان اور پولیس کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔انہوںنے کہاکہ قومی اتحاد وقت کی آواز ہے عمران خان تقسیم و انتشار پالیسی ترک کرنے پر تیار نہیں۔
٭