مظفر آ باد (رپورٹنگ آن لائن) وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبد القیوم نیازی نے کہا کہ تحریک انصاف حکومت نے یکساں تعلیمی نصاب کا خواب شرمندہ تعبیر کیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عبد القیوم نیازی نے سفیر کشمیر عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف کی تین سالہ کارکردگی پر خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کو صحت کارڈ سے ہر شہری کو ہیلتھ انشورنس فراہم کرنے پر بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں، بلاتفریق احتساب اور خارجہ پالیسی میں شاندار کامیابیوں پر بھی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔عبد القیوم نیازی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کامیاب احساس پروگرام پر بھی مبارکباد کی مستحق ہے۔
وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبد القیوم نیازی نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے عالمی سطح پر امت مسلمہ کی بھی بھرپور ترجمانی کی ہے، انشااللہ وزیراعظم پاکستان کی سرپرستی میں آزاد کشمیر میں بھی خوشحالی اور ترقی کے نئے دور کا آغاز کریں گے۔