رانا تنویر حسین

تبدیلی سرکار کی پالیسیاں غریبوں کے خاتمے اور امیروں کو نوازنے پر مرکوز ہیں، رانا تنویر حسین

رائیونڈ(رپورٹنگ آن لائن )پاکستان مسلم لیگ( ن) کے مرکزی رہنما و چیئرمین پبلک اکاونٹ کمیٹی رانا تنویر حسین نے کہا کہ تبدیلی سرکار کی پالیسیاں غریبوں کے خاتمے اور امیروں کو نوازنے پر مرکوز ہیں ، نوجوان پروگرام کے لئے قرضہ کی حد 20 لاکھ روپے سے بڑھا کر 5 کروڑ روپے کرنے کے فیصلے پرباشعور افراد سوچنے پر مجبور ہیں محنت کش طبقہ جس مشکل حالات سے گذر رہا ہے وہ بیس لاکھ سے پانچ کروڑ روپے لینے کے اہل ہوسکتے ہیں؟سلیکٹڈ حکومت کی پالیسی غریبوں کا خاتمہ اور امیروں کی تجوریا ںبھرنے کی ہے ، غریبوں کو رعایت دینے کے بجائے لگژری گاڑیوں کی امپورٹ پر رعایت دیکر کیا غریب کا چولہا جل سکتا ہے؟،

ہفتہ کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ متوسط کو زندہ درگور کرنا ہے،عام استعمال کی ضروری اشیاءکی قیمتوں میں جون 2020 کے مقابلے میں جون 2021 میں 15.37 فیصد کا خوفناک اضافہ ہوا، مالی سال کے اختتام پر ایک سال میں ہونے والی مہنگائی غریب عوام کے لئے کے لیئے کسی وبال سے کم نہیں ، غریبوں اور عوام کے استعمال کی اشیاءضروریہ کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ ، موجودہ حکومت نے پہلے، چینی، گھی اور خوردنی تیل پر سبسڈی اور رعایت دینے کو تر جیح دینا گوارہ نہیں کیا بلکہ حکومت کی توجہ امپورٹڈ گاڑیوں کو سستی کرنے تک محدود ہے، کمرتوڑ مہنگائی میں پسنے والی عوام کی ضروریات زندگی کی اشیاءمیں ہوشربا اضافہ قابل مذمت اور افسوس ناک ہے۔