جمشید اقبال چیمہ 168

تاریخ میں پہلی مرتبہ اشیائے ضروریہ کے سٹریٹجک ذخائر کو مستحکم کرنے کے منصوبے پر کام کیا جارہا ہے’ جمشید اقبال چیمہ

لاہور( ر پورٹنگ آن لائن)وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے فوڈ سکیورٹی جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ زرعی شعبے میں جدت اور کسانوں کی خوشحالی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے،ملک میں پہلی دفعہ زراعت کے شعبے کی بہتری کیلئے جامع حکمت عملی تشکیل دی گئی ہے،ایگریکلچرل ٹرانفارمیشن پلان غذائی خودمختاری کی طرف پہلا قدم ہے، تاریخ میں پہلی مرتبہ اشیائے ضروریہ کے سٹریٹجک ذخائر کو مستحکم کرنے کے منصوبے پر کام کیا جارہا ہے۔ اپنے بیان میں جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ غذائی تحفظ ڈیش بورڈ کو گندم کیلئے مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے،ڈیش بورڈ میں تحصیل، ضلع، ڈویژن، صوبے اور ملکی سطح پر گندم کی طلب اور رسد کے اعشاریے موجود ہیں، ڈیش بورڈ کے ذریعے قیمتوں، خریداری و اجراء ، درآمدت و برآمد کی موثر نگرانی اور بروقت فیصلہ سازی میں معاونت حاصل ہوگی،

اسکے علاوہ ڈیش بورڈ کے ذریعے زرعی اجناس میں ناجائز منافع اور ذخیرہ اندوزی کے ذریعے قیمتوں میں جعلی اضافے کی نشاندہی کے بعد ذمہ داران کے خلاف بروقت کاروائی میں بھی مدد ملے گی۔ انہوںنے کہاکہ ڈیش بورڈ میں روزانہ کی بنیادوں پر اعشارئیے درج کئے جائیں گے جس سے ملک میں گندم کے موجود ذخائر کا رئیل ٹائم ڈیٹا میسر ہوگا،گندم کے بعد ڈیش بورڈ میں چینی اور دیگر غذائی اجناس کو شامل کرنے کا عمل بھی جلد مکمل کر لیا جائے گا۔انہوںنے کہاکہ جدید ٹیکنالوجی سے کسان کی فی ایکڑ لاگت میں خاطر خواہ کمی اور پیداوار میں اضافے سے نہ صرف کسان خوشحال ہوگا بلکہ ملک غذائی خودمختاری کی طرف گامزن ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں