اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن ) تاجکستان کے صدر امام علی رحمان دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں، وفاقی وزیر خسرو بختیار نے معزز مہمان کا خیر مقدم کیا، اسلام آباد پہنچنے پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے تاجک صدر امام علی رحمان سے ملاقات کی، اس موقع پر سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور تاجکستان میں پاکستان کے سفیر عمران حیدر بھی موجود تھے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے تاجکستان کے صدر کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا، اس دوران دو طرفہ تعلقات، مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ نے اپنے حالیہ دورہ تاجکستان کے دوران ہونے والی ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے ہارٹ آف ایشیا استنبول پراسس اجلاس کے کامیاب انعقاد اور بھرپور میزبانی پر تاجک صدر کا شکریہ ادا کیا۔