اشرف بھٹی 158

تاجر طبقہ معیشت میں اہم کردار اد اکر رہا ہے ،انڈسٹری کی طرح رعایتیںدی جائیں ‘ اشرف بھٹی

لاہور( رپورٹنگ آن لائن)آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ تاجر طبقہ بھی معیشت میں اہم کردار اد اکر رہا ہے اس لئے اسے بھی انڈسٹری کی طرح رعایتیںدی جائیں ،ملک بھر میں 40لاکھ سے زائد تاجر ٹیکسز کی ادائیگی کے ساتھ لاکھوں افراد کو روزگارفراہم کرنے کابھی ذریعہ ہیں لیکن انہیں کسی بھی طرح کی مراعات حاصل نہیں ۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے اپنے دفتر میں ملاقات کیلئے آنے والے مختلف مارکیٹوں کے تاجر رہنمائوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر مرکزی سیکرٹری جنرل محبوب علی سرکی ،لاہور کے صدر میاں طارق فیروز،جنرل سیکرٹری نعیم بادشاہ،سینئر نائب صدر میاں سلیم، چیئرمین انجمن تاجران لاہور حافظ عطا الرحمن ،وائس چیئرمین ملک ناظم اور دیگر بھی موجود تھے۔

اشرف بھٹی نے کہا کہ تجارتی مراکز میں تجاوزات کی بھرمار اورپارکنگ کیلئے جگہ نہ ہونے کی وجہ سے کاروبارتباہ ہو گیا ہے لیکن حکومت اس طرف کوئی توجہ نہیں دے رہی ، انار کلی سمیت مختلف مقامات پر پارکنگ پلازوں کی تعمیر کے منصوبے کوسرد خانے میں ڈال دیا گیا ہے ۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ حکومت تجاوزات کے خاتمے کیلئے گرینڈ آپریشن کرے اوراس کے ساتھ ساتھ پارکنگ پلازوں کی تعمیر کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ تاجروں کو انتہائی مہنگے داموں بجلی فراہم کی جارہی ہے جبکہ اس کے برعکس انڈسٹریز کو کم نرخوں پر بجلی فراہم کی جاتی ہے ۔ہمارا بھی معیشت میں اہم کردار ہے اس لئے حکومت تاجروںکو بھی بجلی کے بلوں میں رعایت دے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں