اسپیکر قومی اسمبلی

تاجر برادری ملک کی اقتصادی ترقی کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، اسپیکر قومی اسمبلی

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن ) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ تاجر برادری ملک کی اقتصادی ترقی کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، تاجروں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، تاجر اور ضعنتکار برادری ملک کی اقتصادی ترقی اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔

منگل کو اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد شکیل منیر نے ملاقات کی جس میں ملک کی مجموعی معاشی صورتحال، تاجر برادری اور صنعت کاروں کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس موقع پر اسد قیصر نے کہا تاجر برادری ملک کی اقتصادی ترقی کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، تاجروں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، تاجر اور ضعنتکار برادری ملک کی اقتصادی ترقی اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرے،افغانستان اور وسطی ایشیائی ریاستوں اور دیگر ھمسایہ ممالک کے مابین تجارت کا فروع خطہ کی خوشحالی کے کیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا قومی اسمبلی میں پاک-افغان پارلیمانی فرینڈ شپ گروپ کی ایگزیکٹو کمیٹی دونوں ممالک میں تجارت کے فروغ کے لیے کام کر رہی ہے، علاقائی تجارت میں اضافے کے لیے ان ممالک کے متعلقہ ایوان ہائے صنعت و تجارت میں رابطوں میں اضافہ ضروری ہے، پاکستان اور افعانستان میں تجارت کے فروغ کے لیے دونوں ممالک کی تاجر برادری اور سرمایہ کاروں کی مشترکہ کانفرنس کا انعقاد کیا جائے۔ صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس محمد شکیل منیر نے اسپیکر قومی اسمبلی کو تاجر برادری کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا اور کہا کہ اسلام آباد میں نئی انڈسٹریل اسٹیٹ کا قیام ضروری ہے، حکومت نئی انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کے لیے اقدامات اٹھائے، موجودہ حکومت کی سرمایہ کار دوست پالیسیاں قابل ستائش ہیں۔

صدر چیمبر آف کامرس نے اسپیکر قومی اسمبلی کو ایوان ہائے صنعت و تجارت اسلام آباد کا دورہ کرنے کی دعوت دی ۔ صدر چیمبرنے پاک-افغان تجارت میں اضافے کے لیے اسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر کے کردار کو سراہا۔ اسپیکر قومی اسمبلی کی صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس کو تاجر برادری کو درپیش مسائل کے حل کے لیے اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دبانی۔