اشرف بھٹی

تاجروں سمیت کوئی بھی شعبہ اصلاحات ،معیشت کو دستاویزی بنانے کیخلاف نہیں ‘ اشرف بھٹی

لاہور( رپورٹنگ آن لائن )آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ تاجروں سمیت کوئی بھی شعبہ اصلاحات اور معیشت کو دستاویزی بنانے کے خلاف نہیں تاہم تباہ حال کاروبار پر مہم جوئی کی بجائے مرحلہ وار آگے بڑھنے کی ضرورت ہے،آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان سے ڈومور کی اطلاعات قابل تشویش ہیں ۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ نہیں ہو سکتا کہ عالمی مالیاتی ادارے کی کڑی شرائط کو پورا کرنے کے لئے معیشت کا اپنے ہاتھوںسے دیوالیہ نکال دیا جائے ۔اگر حکومت نے آئی ایم ایف کی مزید شرائط کو تسلیم کیا تو سسکیاں لیتی معیشت کی رہی سہی کسر بھی پوری ہو جائے گی ۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں کاروبار کرنے والا طبقہ با شعور ہے اورکوئی بھی اصلاحات اور معیشت کو دستاویزی بنانے کے خلاف نہیں لیکن موجودہ ابتر حالات میں مہم جوئی سے گریز کیا جائے اور مشاورت سے فیصلے کئے جائیں ۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ ایف بی آر کے بعض اقدامات پر تاجروں کو شدید تشویش لا حق ہے ، اس حوالے سے مشاورت کر کے لائحہ عمل مرتب کیاجائے گا۔