اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن )وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو پیپلز پارٹی نے کرپشن کے لئے استعمال کیا، اسی وجہ سے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کرپشن کی علامت بنا، پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں 8 لاکھ50ہزار غیر مستحق لوگوں کو شامل کیا،موجودہ حکومت نے ٹیکنالوجی کے ذریعے جانچ پڑتال کے بعد بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی فہرست سے 0.85ملین غیر مستحق لوگوں کو نکالا، اس میں گریڈ 17 تا 21 کے افسران بھی شامل تھے۔
منگل کو وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر ردعمل میں کہا کہ بلاول صاحب، اگر جھوٹ بول بول کر تھگ جائیں تو ایک منٹ کے لئے سچ سن لیں، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا نام وہ ہی ہے ، اس میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے سماجی تحفظ کے نئے منصوبوں کا آغاز کیا، احساس کی چھتری تلے قومی سطح پر احساس کفالت، بچت اکاﺅنٹ،ایمرجنسی کیش ،سکالرشپ،بلاسود قرض اورکفالت برائے خصوصی پروگرام ہے،مخصوص اضلاع میں افراد،نشوونما،آمدن،لنگر خانہ،کوئی بھوکا نہ سوئے پروگرام ہے،پائلٹ پراجیکٹ کے طور پریوٹیلٹی سٹور رعائیت،ریڑھی بان،کریانہ سٹور رعائیت اور تحفظ پروگرامات چل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے دوران احساس ایمرجنسی کیش کی 31 فیصد ر سندھ میں تقسیم کی گئی جو کہ کسی بھی صوبے میں سب سے ذیادہ شرح ہے، ان تمام سماجی تحفظ کے پروگراوموں کو عوامی پذیرائی حاصل اورثمرات مستحقین تک پہنچ رہے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ احساس سماجی تحفظ کا پہلا پروگرام ہے جو بغیر کسی سیاسی مداخلت کے چل رہا ہے، اس میں ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سماجی تحفظ کے اس پروگرام کو ورلڈ بینک اور دیگرعالمی اداروں نے سراہا ہے، سماجی تحفظ کے یہ پروگرام عمران خان کے ریاست مدینہ ویژن کے مطابق تیار کیا گیا ہے جس کا مقصد عام آدمی اور پسے ہوئے طبقے کی ذمہ داری لی جائے۔