کراچی(رپورٹنگ آن لائن) پاکستان شوبز کے سینئر اداکار عدنان صدیقی نے حال ہی میں انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے پاکستان اور اس کے عوام کی موجودہ حالت زار پر طنزیہ انداز میں روشنی ڈالی ہے۔عدنان صدیقی کا اپنی انسٹاگرام ویڈیو میں کہاکہ لوگ اپنی جڑوں یعنی ماضی میں واپس جائیں اور پاکستان کی تعمیر کی وجہ یاد رکھیں۔عدنان صدیقی نے کہا کہ صبح جب بیدار ہوا تو کچھ عجیب ہوا انہوں نے بتایا کہ نل میں تیزی سے پانی آرہا ہے اور بجلی بھی آرہی ہے یہی نہیں بلکہ گیس بھی آرہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈالر کی قیمت 25روپے ہوگئی ہے، پاکستان کے شہریوں کو اپنے پاسپورٹ پر کسی بھی قسم کے ویزے کی ضرورت نہیں ہے، وہ کہیں بھی لامحدود مدت تک قیام کرنے کے قابل ہیں جبکہ امن و امان کی بھی ناقابل یقین صورتحال ہے۔
اداکار نے اپنے کمرے کی بالکونی سے باہر کا منظر دکھاتے ہوئے طنزیہ انداز میں کہا کہ غیر ملکی تیراکی کر رہے ہیں، لوگ بغیر کسی خوف کے گھوم رہے ہیں اور امن ہے۔عدنان صدیقی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ سب صرف ان کا خواب ہے اور ان کے آبائو اجداد کا ویژن تھا جو یہ خواب دیکھتے دیکھتے گزر گئے اور ہو سکتا ہے، کسی دن وہ بھی اس کے سچ ہونے کی خواہش کرتے کرتے گزر جائیں گے۔انہوں نے نئی نسل کے مستقل پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی نئی نسل کا کیا ہوگا؟ کیا وہ بھی یہی خواب دیکھتے رہیں گے یا یہ کبھی پورا ہوگا؟۔ ساتھ ہی اداکار نے عوام کو بیدار کرنے کی کوشش کرتے ہوئے ان سے اپیل کی کہ عوام بے حِس نہ بنیں پاکستان کے حالات کو دیکھیں اور اس پر بولیں۔