ملتان(ر پورٹنگ آن لائن) بہاوء الدین زکریا یونیورسٹی ملتان میں داخلے اگست 2020 کے پہلے ہفتے سے شروع کردیئے جائیں
گے اور عنقریب داخلہ نوٹس بھی جاری کردیا جائے گا ۔ اس ایڈمشن سسٹم کو گزشتہ سالوں کی نسبت پہلے سے زیادہ فعال بنایا گیا ہے.
اس نظام داخلہ میں سار ا طریقہ کار آن لائن ہے۔ تمام طلباء و طالبات یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر دیئے گئے داخلہ فارم کو آن لائن
پر کریں گے اور یہیں ان تمام امیدواروں کی ایک ماسٹر لسٹ تیار ہوجائے گی جس کو فوری طور پر میرٹ کے حساب سے ترتیب
دیا جائے گا ۔ سال 2019اور سال 2020کے ایڈمشن سسٹم میں چند ایک اہم پہلوؤں کے علاوہ باقی تمام طریقہ کار ایک جیسا ہے ۔
سال 2019کے ایڈمشن سسٹم کے مطابق یہ ماسٹر لسٹ صرف رجسٹرار آفس( سیکرٹری یونیورسٹی ایڈمشن کمیٹی ) تک محدود رہتی تھی۔
رجسٹرار آفس اس ماسٹر لسٹ کو آگے فیکلٹیز تک نہیں بھیجتے تھے۔ جبکہ سال 2020میں ایڈمشن کے نظام کو مزید فعال اور شفاف
بنانے کے لئے ماسٹر لسٹ رجسٹرار آفس(سیکرٹری ایڈمشن کمیٹی ) کی دستخط شدہ لسٹ رجسٹرار آفس کے ساتھ ساتھ تمام فیکلیٹیز کے
ڈینز اورصدور شعبہ کو بھی فراہم کی جائے گی ۔ ماسٹر لسٹ کو 3مختلف جگہ( رجسٹرار آفس، ڈینز فیکلٹیز اور چیئرمین ڈیپارٹمنٹ ) رسائی
حاصل ہونے سے اس ایڈمشن سسٹم کو مزید شفافیت ملے گی جس سے ایڈمشن کے سلسلے میں مختلف ابہام دور ہوں گے۔
مزید برآں طلباء و طالبات کی مکمل رہنمائی کیلئے ہر ڈیپارٹمنٹ میں انفارمیشن ڈیسک بھی بنائے جائیں گے۔