لاہور (رپورٹنگ آن لائن ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سلمان اکرم راجہ نے پارٹی قیادت کے بیک ڈور رابطوں کے حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیک ڈور رابطوں کے حوالے سے مجھے علم نہیں تاہم اپوزیشن جماعتوں کا الائنس خوش آئند ہے، پوری قوم بھی ایسا ہی چاہتی ہے.
بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کسی ڈیل کے تحت باہر نہیں آئیں گے۔انسداد دہشت گردی عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ پارٹی میں کوئی لڑائی نہیں، عمران خان کی قیادت میں سب متحد ہیں۔
اختلافات کی خبریں محض میڈیا کی پیدا کردہ ہیں، جو معمولی باتوں کو بڑھا چڑھا کر پیش کرتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بیک ڈور رابطوں کے بارے میں مجھے کوئی علم نہیں۔ بانی پی ٹی آئی آئین و قانون کی بالادستی کے لیے جیل میں ہیں۔بانی پی ٹی آئی کئی بار واضح کر چکے ہیں کہ وہ کسی ڈیل کے تحت باہر نہیں آئیں گے۔ عمران خان کو بنی گالا جیسی پیشکشیں ہوئیں مگر انہوں نے مسترد کر دیں۔ سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پر خوشی ہے، پوری قوم بھی یہی چاہتی ہے۔
صحافی نے شیر مروت کے مجھے کیوں نکالا؟ والے سوال پر ردعمل مانگا تو سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ اس کا جواب وہ خود جانتے ہیں وہ بس معصومیت کا اظہار کررہے ہیں، یہ عمران خان کا فیصلہ ہے اور وہ بغیر ٹھوس وجہ کے فیصلہ نہیں کرتے۔خیال رہے کہ شیر افضل مروت نے پارٹی سے نکالے جانے کا ذمہ دار پی ٹی آئی کے جنرل سیکرٹری سلمان اکرم راجہ کو ٹھہرایا تھا۔