یاسر حسین

بیوی میری سب سے بڑی طاقت ہے، یاسر حسین

کر اچی(رپورٹنگ آن لائن) اداکار، ہدایت کار و لکھاری یاسر حسین نے کہا ہے کہ ان کی اہلیہ اقرا عزیز ان کی سب سے بڑی طاقت ہیں، ان کی وجہ سے ہی ان کا گھر اور زندگی پرسکون ہے۔

یاسر حسین نے حال ہی میں مزاحیہ پروگرام ’گپ شب‘ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔

پروگرام میں بات کرتے ہوئے یاسر حسین نے نشاندہی کی کہ پاکستان میں اسپورٹس، شوبز، سیاست اور فلاحی کاموں میں نمایاں خدمات سر انجام دینے والی شخصیات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے فلمیں نہیں بنائی گئیں، ایسی شخصیات پر فلمیں بنانے کی اشد ضرورت ہے۔

ان کے مطابق ممکنہ طور پر معروف شخصیات کے اہل خانہ کی جانب سے فلم بنانے کی اجازت دینے پر بہت زیادہ معاوضے کے تقاضے کی وجہ سے ایسی شخصیات پر فلمیں نہیں بنتیں۔

انہوں نے کہا کہ ان کے خیال میں عبدالستار ایدھی، سلطان راہی، محمد علی اور جہانگیر خان جیسی شخصیات پر فلمیں بننی چاہیے اور ان کے اہل خانہ کو فلم سازوں کو فلمیں بنانے کی اجازت آسانی سے دینی چاہیے۔

اداکار نے یہ بھی کہا کہ جس طرح بھارت میں پرانے گانوں کے ریمیک بنائے جا رہے ہیں، اسی طرح پاکستانی موسیقار بھی پرانے گانوں کو دوبارہ تخلیق کریں۔

انہوں نے پرانے موسیقاروں اور گلوکاروں کے اہل خانہ کو بھی گزارش کی کہ وہ نئے گلوکاروں اور موسیقاروں کو پرانی موسیقی استعمال کرنے کی اجازت دیں تاکہ نئی نسل جان سکے کہ ماضی میں پاکستان میں کس طرح کے گانے تیار ہوتے تھے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ وہ گزشتہ ایک دہائی سے تھیٹر میں اداکاری کر رہے ہیں لیکن پہلی بار انہوں نے ’منکی بزنس‘ نامی تھیٹر کی کہانی لکھنے سمیت اس کی ہدایات دیں اور اسے پروڈیوس بھی کیا۔

ان کے مطابق وہ ماضی میں کبھی تھیٹر میں اداکاری، کبھی ہدایت کاری تو کبھی بطور لکھاری کام کرتے رہے ہیں لیکن پہلی بار انہوں نے ’منکی بزنس‘ میں تمام کام کیے۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے اہلیہ اقرا عزیز کو اپنی سب سے بڑی طاقت اور سہارا قرار دیا اور کہا کہ اگر وہ نہ ہوتیں تو ان کے مسائل بڑھ جاتے۔

ان کا کہنا تھا کہ اقرا عزیز نہ صرف ان سے بہتر اور بڑی اداکارہ ہیں بلکہ وہ گھر کو بھی اچھے طریقے سے سنبھالتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اقرا عزیز ان کے بیٹے کا بہت زیادہ خیال رکھتی ہیں، بیٹے کی خاطر کام تک کم کرتی ہیں، یہ کوشش کرتی ہیں کہ بیٹے کو ایک مچھر بھی نہ کاٹے۔

یاسر حسین کے مطابق اقرا عزیز نے ان کے گھر اور زندگی کو سنبھال رکھا ہے، تبھی تو وہ گھر سے دور ہونے پر بھی بے فکر رہتے ہیں۔

ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ دنیا کے تمام شوہروں کو اپنی بیویوں کی طاقت اور اہمیت کو سمجھنا چاہیے، انہیں اندازہ ہونا چاہیے کہ ان کی بیویاں کتنی اہم اور جاندار ہیں، جنہوں نے ان کی زندگی اور گھروں کو سنبھالا ہوا ہے۔