انجیلا میرکل

بیلاروس حکومت پرامن مظاہرین پر تشدد سے گریز اور قومی سطح پر مذاکرات شروع کرے، جرمن چانسلر

برلن (ر پورٹنگ آن لائن) جرمن چانسلر انجیلا میرکل نے کہا ہے کہ بیلاروس حکومت پرامن مظاہرین کے خلاف تشدد کے

استعمال سے گریز کرے اور بحران پر قابو پانے کے لیے اپوزیشن اور سوسائٹی کے نمائندگان کے ساتھ قومی سطح پر مذاکرات شروع

کرے۔ جرمن چانسلر کے ترجمان سٹیفن سیبرٹ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ جرمن چانسلر نے یہ بات بیلاروس کی صورتحال

سے متعلق منگل کو روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو میں کہی۔ ترجمان نے کہا کہ جرمن چانسلر نے بیلاروس

حکومت پر زور دیا کہ وہ 9 اگست کے صدارتی انتخابی نتائج کے خلاف ہونے والے مظاہروں کے دوران پرامن مظاہرین کے

خلاف تشدد کو روکے، سیاسی رہنماؤں کی فوری رہائی کے احکامات جاری کرے اور اس بحران کے حل کے لیے اپوزیشن اور

سوسائٹی کے نمائندگان کے ساتھ قومی سطح پر مذاکرات شروع کرے۔ واضح رہے کہ بیلا روس میں 9 اگست کو ہونے والے

انتخابات میں الیگزینڈر لوکاشینکو دوبارہ صدر منتخب ہوئے جس پر مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے اور بیلاروس حکومت پرامن

مظاہرین کے خلاف طاقت کا استعمال کرتے ہوئے تشدد اور کریک ڈاؤن کررہی ہے جس کے باعث یورپی یونین نے

اہم حکومتی عہدیداروں کے خلاف پابندیوں کی دھمکی دی ہے۔