لاہور(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان سوسائٹی آف گیسٹرو انٹرالوجی پنجاب چیپٹراور ایشین گروپ آف اینڈوسکوپک الٹرا ساؤنڈ کے اشتراک سے لاہور جنرل ہسپتال میڈیکل یونٹ 1میں تین روزہ ورکشاپ کا انعقاد ہوا جس میں بیرون ملک مقیم پاکستانی ڈاکٹرز نے پتّہ اور لبلبہ کے مرض میں مبتلا 30مریضوں کے جدید طریقہ علاج سے مفت آپریشن کیے ہیں اور پاکستان کے پانچوں صوبوں سے آئے ہوئے امراض معدہ و جگر کے سپیشلسٹ معالجین کو ماڈرن تکنیک سے روشناس کروایا اور اُن طریقوں کا عملی مظاہرہ کیا گیا جن کے استعمال سے مریض کو کم سے کم وقت اور تکلیف کے ساتھ صحت مند کیا جا سکتا ہے۔اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر غیاث النبی طیب، ڈاکٹر اسرار الحق طور، ڈاکٹر غیاث الحسن،ڈاکٹر عاکف دلشاد، ڈاکٹر شفقت رسول، ڈاکٹر بلال ناصر،ڈاکٹر سدرہ رشید، ڈاکٹر مکرم باجوہ،ڈاکٹر حنان ظفرو دیگر نوجوان و دیگر ڈاکٹرز موجود تھے۔
پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے نوجوان ڈاکٹروں پر زور دیا کہ وہ اینڈوسکوپی جیسے اہم شعبے میں پیشہ وارانہ مہارت حاصل کر کے دکھی انسانیت کی بھرپور خدمت کریں۔انہوں نے کہا کہ بدلتے ہوئے تقاضوں کے مطابق وہی ڈاکٹر طب کے میدان میں ترقی کرے گا جو جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر مکمل عبور رکھتا ہوگااور ضرورت اس امر کی ہے کہ ڈاکٹرزکمیونٹی اپنی طبی تعلیم کو وقت کے ساتھ ساتھ اپ ڈیٹ رکھیں اور اس میں گاہے گاہے اضافہ کرتے رہیں۔ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر غیاث النبی طیب کا کہنا تھا کہ امریکہ اور برطانیہ سے آئے ہوئے ڈاکٹر خالد حسین اور ڈاکٹر ندیم تہامی اور بریگیڈئیر (ر) امجد سلامت نے اینڈوسکوپک الٹرا ساؤنڈ کے ذریعے مریضوں کے علاج کا جدید طریقہ متعارف کروایا اور نوجوان ڈاکٹر وں کو اس علاج کے طریقے سے متعلق آگاہی دی۔ ڈاکٹر اسرار الحق طور نے کہا کہ بیرون ممالک سے آنے والے ڈاکٹرز اپنے اخراجات پر اس ورکشاپ میں شریک ہوئے ہیں جو انتہائی لائق تحسین اقدام ہے۔انہوں نے کہا کہ بیرون ملک ترقی یافتہ ماحول میں کام کرنے والے ڈاکٹرز کے تجربات سے نوجوان ڈاکٹروں کو مستفید ہونے کا موقع ملا ہے اور اس سے پاکستانی ڈاکٹر کمیونٹی کی صلاحیتوں میں بھی اضافہ ہوگا۔
امریکی معالج ڈاکٹر خالد حسین نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ اینڈوسکوپک الٹرا ساؤنڈ بغیر آپریشن کے جدید علاج کی بہترین ٹیکنیک ہے اس طریقہ علاج سے معدے،جگر،انتڑیوں،تلی اور لبلبہ کے امراض کا علاج بہت آسان ہوگیا ہے۔ایسوسی ایشن کے صوبائی صدر ڈاکٹر اسرار الحق طور نے بتایا کہ ای آر سی پی اور ای یو ایس کے لئے نجی سیکٹر میں مریضوں کو بہت مہنگے اخراجات برداشت کرنے پڑتے ہیں جبکہ جنر ل ہسپتال میں سٹیٹ آف دی آرٹ گیسٹرو انٹرالوجی میں مریضوں کو مفت طبی سہولیات بہم پہنچا رہے ہیں۔مقررین نے اس تین روزہ ورکشاپ کے انعقاد کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی اور علاج معالجے کیے مختلف پروسیجرز کا عملی مظاہرہ بھی کر کے دکھایا۔