اکشے کمار

”بھاگم بھاگ 2”کی تصدیق،18سال بعد اکشے کمار اور گووندا کی واپسی

ممبئی(رپورٹنگ آن لائن)بالی ووڈ کے مداحوں کیلئے خوشخبری18سال کے طویل انتظار کے بعد بلاک بسٹر کامیڈی فلم ”بھاگم بھاگ”کا سیکوئل ”بھاگم بھاگ 2”بنانے کی تصدیق ہو گئی ہے۔اس بار بھی فلم میں اکشے کمار، گووندا، اور پاریش راول مرکزی کرداروں میں نظر آئیں گے۔

معروف ہدایتکار پریادرشن کی یہ فلم ماضی میں ناظرین کے دل جیت چکی ہے اور انٹرنیٹ پر کلٹ کامیڈی کا درجہ حاصل کر چکی ہے۔فلم کے حقوق ”شیمرو انٹرٹینمنٹ”سے حاصل کر کے”روئنگ ریور پروڈکشنز”کی سریتا اشون وردے نے پروڈیوس کیا ہے۔ سریتا نے کہاکہ ایک خاص فلم جیسے بھاگم بھاگ کو ایک خاص سیکوئل کی ضرورت تھی۔

صحیح وقت آنے پر ہم نے اس پر کام شروع کیا۔فلم کی شوٹنگ 2025کے وسط میں شروع کی جائے گی، اور پروڈیوسرز نے بتایاکہ نیا سیکوئل زیادہ پاگل، زیادہ مزاحیہ، اور زیادہ دلچسپ ہوگا۔شیمرو انٹرٹینمنٹ کے سی ای او، ہیرین گاڈا نے کہاکہ ہم ایک ایسی فلم بنانے کیلئے پرجوش ہیں جو اپنے پیشرو کی میراث کو آگے بڑھائے گی اور ناظرین کو مزید ہنسی اور تفریح فراہم کرے گی۔