کراچی( رپورٹنگ آن لائن)معروف اداکار، ہدایت کار و پروڈیوسر نبیل ظفر کا کہنا ہے کہ پڑوسی ملک بھارت ہم سے ہماری فلمیں اور ڈرامے تک نہیں خرید رہا تو ہم کیوں ان کی فلمیں سینمائوں میں چلائیں؟نبیل ظفر نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں کیریئر سمیت دیگر معاملات پر کھل کر بات کی۔ان کی جانب سے بھارتی فلموں اور ڈراموں کے حوالے سے کی گئی بات کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس میں انہوں نے پاکستان میں بھارتی فلموں کی نمائش پر اعتراض کیا۔
نبیل ظفر کا کہنا تھا کہ اداکاروں کے دوسرے ملک میں جاکر کام کرنے میں کوئی برائی نہیں، کام کہیں بھی جاکر کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان کے خیال میں بھارتیوں کے مقابلے پاکستانی لوگ بڑے دل کے مالک ہیں، وہ مہمانوں اور اداکاروں کی عزت کرتے ہیں۔نیبل ظفر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اگر بھارت کا یا کسی اور ملک کا اداکار آتا ہے اور وہ شاْپنگ کرنے نکلتا ہے تو دکاندار ان سے پیسے تک نہیں لیتے۔
انہوں نے شکوہ کیا کہ لیکن جب بھارت میں اداکار کام کرنے جاتے ہیں تو انہیں خوف کی وجہ سے وہاں سے بھاگنا پڑتا ہے۔ان کے مطابق بھارت ہم سے بڑا ملک ہے، ان کی آبادی ایک ارب 25 کروڑ ہے جب کہ ہماری صرف 25 کروڑ ہے تو انہیں اپنی آبادی کے حساب سے ہم سے ڈرامے اور فلمیں خریدنے چاہیے اور اپنے ملک میں نشر کرنے چاہیے۔
نبیل ظفر کا کہنا تھا کہ اگر بھارت ہم سے 10 فیصد ڈرامے اور فلمیں بھی نہیں خریدتا تو ہم کیوں ان سے 20 یا 50 فیصد فلمیں خرید کر سینمائوں میں چلائیں؟