کھوکھر پیلس

بھارت کے خلاف فتح کی خوشی میں یوم تشکر کے موقع پر کھوکھر پیلس میں ریلی کا انعقاد کیا گیا

لاہور(رپورٹنگ آن لائن )پاکستان مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر ملک سیف الملوک کھوکھرکی جانب سے بھارت کے خلاف فتح کی خوشی میں یوم تشکر کے موقع پر کھوکھر پیلس میں ریلی کا انعقاد کیا گیا ،ریلی میں لیگی کارکنان اور عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی جو پاکستان کی افواج اور سیاسی قیادت کے حق میں نعرے لگاتے رہے ۔

اس موقع پر شرکاء میں مٹھائی بھی تقسیم کی گئی ۔ ریلی میں چیئرمین قائمہ کمیٹی ملک شہباز کھوکھر سمیت علاقہ عمائدین بھی موجود تھے۔شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ملک سیف الملوک کھوکھر نے کہا کہ آج ساری قوم اپنی افواج سے اظہار تشکر کر رہی ہے ، قوم نے اپنے اتحاد سے ثابت کیا کہ ہم اپنی افواج کی پشت پر ہیں ،جب بھی پاکستان کی بات آئے گی ہم ہر محاذ پر موجود ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت نے بہترین حکمت عملی سے جنگی اور سفارتکاری کے میدان میں دشمن کو بد ترین شکست سے دوچار کیا ،ہمارے دشمن پر واضح ہو گیا ہے کہ پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے ، پاکستان نے اپنی دفاعی برتری ثابت کر دیا ہے ان شا اللہ اب بھارت کبھی جارحیت کی جرات نہیں کرے گا ۔

انہوں نے کہا کہ ہم پر امن قوم اور مذاکرات کے حامی ہیں، دنیا بھارت کو مسئلہ کشمیر اور پانی کے مسائل پر بات چیت کے لئے مذاکرات کی میز پر لائے