سنیل گواسکر

بھارت کی ‘بی ٹیم’ بھی پاکستان کو سخت چیلنج دے سکتی ہے’سنیل گواسکر

دبئی (رپورٹنگ آن لائن)سابق بھارتی کرکٹر سنیل گواسکر کا کہنا ہے کہ بھارت کی بی ٹیم بھی پاکستان کو سخت چیلنج دے سکتی ہے۔سابق بھارتی لیجنڈ سنیل گواسکر نے چیمپئنز ٹرافی 2025 میں مایوس کن کارکردگی کے بعد پاکستانی ٹیم کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے جہاں دفاعی چیمپئن ٹائٹل برقرار رکھنے میں ناکام رہے اور گروپ مرحلے سے باہر ہوگئے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا موجودہ اسکواڈ اتنا مضبوط نہیں ہے کہ وہ بھارت کی بی ٹیم کا مقابلہ کرسکے۔سابق بھارتی کرکٹر نے کہا کہ میرے خیال میں بھارت کی بی ٹیم بھی پاکستان کو سخت چیلنج دے گی، پاکستان کی موجودہ ٹیم کو انہیں ہرانا بہت مشکل ہوگا۔

سنیل گواسکر نے کہا کہ پاکستانی بلے بازوں نے اسٹرائیک روٹیٹ کرنے کے بجائے گیندیں روکنا شروع کردیں، بھارتی اسپنرز نے اپنے اوورز تیزی سے مکمل کیے اور یہ حیران کن تھا کہ پاکستانی بیٹرز نے کوئی کارکردگی نہیں دکھائی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس باصلاحیت کھلاڑی ہیں لیکن وہ مضبوط بیک اپ بنانے میں کامیاب نہیں ہوسکے، یہ حیران کن ہے کہ پاکستان انضمام الحق جیسے بیٹرز پیدا نہیں کرسکا۔

سابق بھارتی کرکٹر کے مطابق بھارتی ٹیم کو آئی پی ایل سے فائدہ ہوا ہے جہاں کھلاڑی تجربہ حاصل کررہے ہیں، کھلاڑیوں کو رنجی ٹرافی کھیل کر انٹرنیشنل ٹیم میں منتخب کیا جاتا ہے۔سنیل گواسکر کا کہنا تھا کہ پاکستان کو یہ جاننے کی ضرورت ہے کہ ان کا بینچ اسٹرینتھ اتنا مضبوط کیوں نہیں جتنا پہلے ہوا کرتا تھا۔